250

پاکستان اور افغانستان اعتماد کی فضا بحال کریں ٗ اسفندیارولی

پشاور۔عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفندیار ولی خان نے کہا ہے کہ دہشت گردی اور ٹارگٹ کلنگ نے پورے ملک کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے تاہم دہشت گردی اور بد امنی کے حوالے سے اے این پی کا مؤقف بالکل واضح ہے،اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ حکومتوں کی ذمہ داری ہے کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنائے اور اس مقصد کیلئے نیشنل ایکشن پلان کے تمام 20نکات پر من و عن عمل کیا جائے ، پاکستان و افغانستا ن کے درمیان اعتماد کی فضاء کی بحالی دونوں ملکوں کے مفاد میں ہے اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے دونوں ممالک کو مشترکہ کوششیں کرنا ہونگی۔

انہوں نے کہا کہ اے این پی کی پالیسی سے ہٹ کر اگر کوئی فرد یا افراد جذباتی کیفیت میں اپنی کوئی رائے رکھتے ہیں تو یہ پارٹی کی پالیسی نہیں ہو سکتی بلکہ فرد یا افراد کی ذاتی رائے ضرور ہو سکتی ہے،انہوں نے واضح کیا کہ ہماری ہمیشہ سے یہ کوشش رہی ہے کہ ملک میں امن کی بحالی اور جمہوریت کی مضبوطی کیلئے تمام سٹیک ہولڈرز کو اپنا اپنا کردار ادا کرکے امن کی فضا کو بحال کرنے کیلئے سنجیدہ اقدامات کرنا ہونگے۔

انہوں نے کہا کہ تشدد دنیا کے کسی بھی کونے میں ہو اس کی مذمت کرتے ہیں اور عدم تشدد کے ماحول کو پروان چڑھانے کیلئے پر امید ہیں ،اسفندیار ولی خان نے کہا کہ احتجاجی دھرنے اور مظاہرے جہاں بھی ہوں اس میں پارٹی قیادت کی اجازت کے بغیر کسی بھی فرد کی شرکت اس کا ذاتی فعل ہوگا اور پارٹی اس کے خلاف تادیبی کاروائی کا حق محفوظ رکھتی ہے۔