101

فاٹا اور بلوچستان کیلئے 4ملین ڈالر کے معاہدے پر دستخط

اسلام آباد ۔ چین اور یو این ڈی پی پاکستان کے درمیان بلوچستان اور فاٹا میں امدادی منصوبوں کے لیے4ملین ڈالر تعاون کے معاہدے پر دستخط ہو گئے ،معاہدے کے تحت فاٹا میں نقل مکانی کرنے والے8100 خاندانوں کی واپسی کے بعد دوبارہ آباد کاری کے لیے مدد فراہم کی جائے گی، چینی سفیر یاو جنگ نے کہا ہے کہ مستقبل میں بھی چین پاکستان کو امداد کی فراہمی جاری رکھے گا اور امدادی منصوبوں کو فاٹا اور بلوچستان سمیت دیگر علاقوں تک توسیع دی جائے گی۔

چائنہ ریڈیو انٹر نیشنل کے مطابق جنوب۔ جنوب تعاون کی ایک منفرد مثال کے طور پر چین اور یو این ڈی پی پاکستان کے درمیان بلوچستان اور فاٹا کے قدرتی یا دیگر انسانی ساختہ بحران کے باعث متاثرہ علاقوں میں امدادی منصوبوں کے لیے چار ملین امریکی ڈالرز مالیت کے تعاون کے معاہدے پر دستخط کیے گئے ہیں۔معاہدے کے تحت فاٹا میں سلامتی کی مخدوش صورتحال کے باعث نقل مکانی کرنے والے آٹھ ہزار ایک سو خاندانوں کی واپسی کے بعد دوبارہ آباد کاری کے لیے مدد فراہم کی جائے گی ۔

بلوچستان میں 2010،2011 میں آنے والے سیلاب کے باعث متاثر ہونے والے اسکولوں کے تقریبا انیس ہزار بچے مذکورہ معاہدے سے مستفید ہو سکیں گے۔ چین میں پاکستان کے سفیر یاو جنگ نے اس موقع پر کہا کہ مذکورہ منصوبے کے کامیاب آغاز سے پاکستانی عوام کے لیے چین کی مضبوط حمایت کے عزم کی تجدید ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ مستقبل میں بھی چین پاکستان کو امداد کی فراہمی جاری رکھے گا ۔

امدادی منصوبوں کو فاٹا اور بلوچستان سمیت دیگر علاقوں تک توسیع دی جائے گی۔ پاکستان کے اقتصادی امور ڈویژن میں جوائنٹ سیکرٹری محمد اسلم نے فاٹا اور بلوچستان میں عوامی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے چین کی جانب سے فوری اقدام اور حمایت پر چینی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔