132

ڈی جی سکلز پروگرام کا افتتاح ٗ 10لاکھ نوجوانوں کیلئے روزگار کے مواقع

اسلام آباد۔ وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے انفارمیشن ٹیکنالوجی کی وزارت کے ڈی جی اسکلز پروگرام کا افتتاح کرتے ہوئے کہا ہے کہ براڈ بینڈ کی سہولت جلد پورے ملک میں دستیاب ہوگی، ڈیجی سکلز پروگرام سے روزگار کے10لاکھ سے زائد نئے مواقع پیدا ہوں گے، میرے نزدیک قومی سلامتی کا مطلب ہر نوجوان کو روزگار کی فراہمی ہے، صنعتوں اوراداروں میں جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کے ذریعے اخراجات میں کمی کے ساتھ ساتھ بہتر نتائج کے حصول کو یقینی بنایا جاسکتا ہے۔ 

جمعرات کو وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے اسلام آباد میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کی وزارت کے ڈی جی اسکلز پروگرام کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ موجودہ حکومت نے موٹرویز،بندرگاہیں، ہوائی اڈوں کی تعمیر اور بجلی گھروں کے قیام سمیت بہت سے شعبوں میں ترقیاتی کام کئے ہیں تاہم انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں پچھلے پانچ سال کے دوران حاصل کی گئی کامیابی انتہائی اہم پیشرفت ہے۔

وزیر اعظم نے کہاکہ ڈی جی سکلز پروگرام سے نوجوانوں کو آن لائن روزگار کے حصول کے قابل بنایا جائے گا اور وہ غیر روایتی طریقے سے رقم کما سکیں گے، انہوں نے کہاکہ انہیں نوجوانوں پر مکمل اعتماد ہے اور انہوں نے اس اعتماد کااظہار کیا کہ خصوصا لڑکیاں ای کامرس اور ڈ ی جی سکلز کے شعبوں کی قیادت کریں گی۔ وزیر اعظم نے کہا براڈ بینڈ کی سہولت جلد پورے ملک میں دستیاب ہوگی۔

ڈیجی سکلز پروگرام سے روزگار کے10لاکھ سے زائد نئے مواقع پیدا ہوں گے، میرے نزدیک قومی سلامتی کا مطلب ہر نوجوان کو روزگار کی فراہمی ہے، صنعتوں اوراداروں میں جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کے ذریعے اخراجات میں کمی کے ساتھ ساتھ بہتر نتائج کے حصول کو یقینی بنایا جاسکتا ہے۔