220

یتیم طلبہ میں مالی معاونت کے چیک تقسیم

پشاور۔وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور میں للسائل والمحروم فاؤنڈ یشن کے زیر اہتمام پوسٹ میٹرک یتیم طلباء و طالبات میں چیکس تقسیم کرنے کی تقریب منعقدہ ہوئی جس کے مہمان خصوصی صوبائی وزیر برائے قانون امتیاز شاہد قریشی تھے جبکہ صوبائی وزیر عنایت اﷲ خان ،ممبران صوبائی اسمبلی یاسین خلیل، عارف یوسف، ارباب جہانداد، خلیق الرحمن، فضل الٰہی، چیئرمین فاؤنڈیشن حاجی محمد جاوید، فاؤنڈیشن کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اراکین اور دیگر اعلیٰ حکام نے تقریب میں شرکت کی ۔ تقریب میں اس وقت صوبے کی مختلف یونیورسٹیوں اور کالجوں میں زیر تعلیم 119 یتیم طلباء و طالبات میں مالی معاونت کے چیکس تقسیم کئے گئے ۔

صوبائی وزیر امتیاز شاہد قریشی نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی وساطت سے بطور مہمان خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اپنے شہریوں کی محرومیوں کے مداوے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لانا کسی بھی ریاست کے بنیادی فرائض میں شامل ہے۔ یہ بات اُس وقت زیادہ اہمیت کی حامل ہوتی ہے جب سوال اُن بچوں کے مستقبل کا ہو جنہوں نے مستقبل میں اس ملک و ملت کو سنبھالنا ہے۔ انہوں نے کہاکہ نونہالانِ وطن کی تعلیم و تربیت میں یقیناً اُن کے والدین کا فیصلہ فائق ہوتا ہے۔ لیکن وہ گھر انے جن کے بچے اپنے والدین یا بالخصوص والد سے محروم ہو جاتے ہیں۔

وہاں بچوں کو اس ضمن میں بے پناہ مشکلات اُٹھانا پڑتی ہیں۔ ایسے میں ریاست کا فرض ہے کہ معاشرے کے ان یتیم بچوں ، بچیوں اور بیواؤں کی داد رسی کرے انہوں نے للسائل والمحروم فاؤنڈیشن کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہاکہ یہ ادارہ سماجی اداروں میں واضح ترین اہمیت کا حامل ہے۔ لہٰذا یہ براہ راست وزیر اعلیٰ کی نگرانی میں کام کررہا ہے۔

اس کے کارکنان جذبہ خدمت سے معمور اور درد دل رکھنے والے ہیں اور شاید اس کی کامیابی کا پس منظر بھی یہی ہے۔صوبائی وزیر عنایت اﷲ خان نے بھی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فاؤنڈیشن کی کارکردگی کو سراہا فاؤنڈیشن کے چیئرمین حاجی محمد جاوید نے فاؤنڈیشن کے مقاصد، پس منظر اور کارکردگی پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ فاؤنڈیشن ایک فلاحی ادارہ ہے جس کا بنیادی مقصد صوبے کے غریب ، یتیم اور نادار افراد کو صحت ، تعلیم اور فلاح و بہبود کے شعبوں میں خدمات فراہم کرنا ہے۔