250

خیبر پختونخوا میں آئل ریفائنری کے قیا م کا معاہدہ

پشاور ۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے خیبرپختو نخوا میں روس کی سرمایہ کاری کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ہماری صوبائی حکومت کی صنعت و معیشت دوست پالیسیوں پر اعتماد کا مظہر ہے ۔انہوں نے کہاکہ ہماری صنعتی پالیسی صوبے میں سرمائے اور سرمایہ کاروں دونوں کی سکیورٹی کی ضامن بنے گی ۔انہوں نے کہاکہ اُن کی حکومت نے اپنے ٹھوس اقدامات کی بدولت صوبے میں پائیدار امن کے ساتھ ساتھ ایسی سازگارفضا قائم کی ہے جس میں سرمایہ کاری کیلئے سہولیات میں اضافے کے ساتھ ساتھ سرخ فیتے کی فرسودہ روایات کا خاتمہ کرکے سرمایہ دوست ریڈ کارپٹ کے تصور کو فروغ دیا گیا ہے ۔

یہ تصور شفافیت کے علاوہ تمام شعبوں میں سرمایہ کاروں کے ساتھ معاونت کے اُصولوں پر مبنی ہے ۔انہوں نے کہاکہ صوبائی حکومت نے تیز تر صنعتکاری کا تعین کرکے اپنی صنعتی پالیسی میں صنعتکاری اور سرمایہ کاری کیلئے نہ صرف بنیادی محرکات بلکہ مثالی ترغیبات دی ہیں ۔انہوں نے کہاکہ اس سلسلے میں صوبائی حکومت نے کوئی تشنگی باقی نہیں رہنے دی ہے ۔اس امر کا اظہار اُنہوں نے خیبر پختونخوا میں آئل ریفائنری کے قیام کے سلسلے میں صوبائی حکومت اور روسی سرمایہ کار کنسورشیم کے مابین معاہدے پر دستخطوں کی تقریب کے دوران کیا جو کے پی ہاؤس اسلام آباد میں منعقد ہوئی خیبرپختونخوا آئل اینڈ گیس کمپنی اور روسی کنسورشیم ہماش اپارات ، اورفئیس و انٹر راؤ انجینئرنگ کے مابین اس معاہدے کے تحت قائم ہونے والی آئل ریفائنری میں روزانہ 20 ہزار بیرل تیل نکالنے کی گنجائش ہو گی ۔


تقریب میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور صوبائی وزیر توانائی محمد عاطف خان نے بھی شرکت کی۔عمران خان نے اس موقع پر اپنے مختصر تاثرات میں کہاکہ آئل ریفائنری کے قیام کا معاہدہ اُن کے انتخابی مہم کے دوران کئے گئے وعدے کی تکمیل ہے کہ پاکستان میں وہ دن قریب ہے جب ہم پر بحیثیت قوم غیر ملکی اعتماد بحال ہو گا اور اُن کا نئے پاکستان کا خواب شرمندہ تعبیر ہو گا۔ انہوں نے کہاکہ صوبے میں ایماندار اور مخلص قیادت کی وجہ سے یہاں سرمایہ کاری میں اضافہ ہورہا ہے اور غیر ملکی سرمایہ کار آنا شروع ہوئے ہیں۔ پرویز خٹک نے کہاکہ آئل ریفائنری کا یہ منصوبہ صوبے کیلئے گیم چینجر ثابت ہو گا اور نہ صرف یہاں کی معیشت مضبوط ہو گی بلکہ اس کا فائدہ پورے ملک کو ہوگا۔

حالیہ معاہدہ پاکستان تحریک انصاف کے اُن وعدوں کی تکمیل کا حصہ ہے جو انتخابی مہم کے دوران صوبے کے عوام سے کئے گئے تھے اُنہوں نے کہاکہ ہماری شبانہ روز محنت کے نتیجے میں صوبے میں سرخ فیتہ اب سرخ قالین میں بد ل گیا ہے ۔ غیر ملکی سرمایہ کار یہاں وسیع پیمانے پر سرمایہ کاری کے خواہشمند ہیں سرمایہ کاروں کی واحد خواہش یہ ہوتی ہے کہ حکومت کے قواعد وضوابط اور اقدامات میں شفافیت پیداہو اور صنعت و معیشت کی ترقی کیلئے سازگار ماحول قائم ہو ۔اُنہوں نے کہاکہ ہماری صوبائی حکومت نے ایک قدم مزید آگے بڑھ کر سرمایہ کاروں سے یہ بھی وعدہ کیا ہے کہ اُنہیں تمام شعبوں میں سہولیات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ ہر طرح تعاون کیا جائے گا۔

انہوں نے کہاکہ ہمارے ان اقدامات کی بدولت صوبہ دوسرے صوبوں کے مقابلے میں خام تیل اور ان کی مصنوعات کی پیداوار میں سبقت لے جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ صوبے میں مجموعی طور پر 55ہزار بیرل یومیہ تیل کی پیداوار شروع ہوئی ہے جو ملک کی مجموعی پیداوار کا 54 فیصد ہے۔وزیر توانائی محمد عاطف خان نے کہا کہ صوبائی حکومت سرمایہ کاروں کو ون ونڈو کے تحت تمام مطلوبہ سہولیات ایک چھت کے نیچے مہیا کرنے کی پالیسی پر گامزن ہے ۔ اُنہوں نے روسی سرمایہ کاروں کے وفد کو صوبائی حکومت کے بھر پور تعاون کا یقین دلایا ۔