111

حج پالیسی کے خلاف داخل درخواست خارج

سکھر۔ سکھر کی عدالت نے حج پالیسی کے خلاف داخل درخواست خارج کردی ، مدعیاں کو شریعت کورٹ سے رجوع کرنے کا مشورہ،عدالت کی جانب سے درخواست خارج کرتے ہی حج قرعہ اندازی کو روکنے کا حکم بھی غیر موثر ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق سندھ ہائی کورٹ سکھر بینچ نے سکھر کے شہری مفتی عبدالماجد کی جانب سے وفاقی حکومت حج پالیسی کے خلاف داخل آئینی پٹیشن کی سماعت کی سماعت کے دوران عدالت عالیہ نے پٹیشنر کی جانب سے حج پالیسی کے چند نکات پر اٹھائے جانے والے اعتراضات کوشرعی معاملہ قرار دے کر پٹیشنر کو وفاقی شرعی عدالت سے رجوع کرنے کی ہدایت کی اور داخل پٹیشن کو خارج کردیا ۔

واضح رہے کہ عدالت عالیہ نے پٹیشن کی گذشتہ سماعت پر وزارت مذہبی امور کو حج قرعہ اندازی روکنے کے احکامات جاری کیے تھے تاہم قانون کے مطابق عدالت عالیہ کی جانب سے داخل پٹیشن کو خارج کرنے کے باعث اس کی جانب سے جاری کردہ حج قرعہ اندازی روکنے کے احکامات بھی غیر موثر ہوگئے ہیں۔