124

فوج کی طرح پختونخوا پولیس بھی خود مختار ہے ٗ پرویز خٹک

اسلام آباد۔وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ ایک دوواقعات ہونے پر پولیس پر تنقید نہ کی جائے خیبرپختونخوا پولیس بہترین کام کررہی ہے۔کے پی کے پولیس پنجاب پولیس سے بہت بہتر ہے۔فوج کی طرح کے پی کے پولیس بھی خود مختار ہے اس پر کسی قسم کا سیاسی دباؤ نہیں اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پرویز خٹک نے کہا کہ پولیس کو دباؤ میں نہ لایا جائے کیونکہ دباؤ میں غلط کام ہوتے ہیں ہماری فرانزک لیبارٹری 15 سے 20 دنوں میں کام شروع کردیگی۔

انہوں نے کہا کہ پہلے میں نے پولیس کو زبانی اختیارات دیئے پھر 2014ء میں ایکٹ پاس کیا جس طرح ہماری فوج خود مختار ہے اسی طرح کے پی کے کی پولیس بھی خود مختار ہے کسی قسم کی کوئی مداخلت نہیں یہاں تک کہ اگر میرے ضلع میں ڈی پی او بھی تعینات کیاجاتا ہے تو آئی جی مجھ سے کبھی نہیں پوچھتا ہم نے پولیس کو مکمل اختیارات دے رکھے ہیں تاکہ وہ بطور فورس کام کر سکے۔میرے پاس صرف ایک ہی اختیار ہے اگر پولیس کوئی غلط کام کرتی ہے تو میں چیک کرنے کے لیے صرف خود مختار کمیٹی کو آگاہ کر سکتا ہوں سندھ اور پنجاب بھی اپنی پولیس کو آزاد کریں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہماری پولیس کی بہت قربانیاں ہیں کے پی کے حکومت پر لوگوں کااعتماد بحال ہوا ہے یہ وہ پولیس نہیں رہی جو پنجاب میں نظر آ رہی ہے خیبرپختونخوا کی پولیس مکمل طور پر آزاد ہے پولیس میں سیاسی طور پر تقرریاں تبادلے نہیں ہورہے۔

ہماری پولیس پر کوئی سیاسی دباؤ نہیں ہم نے کبھی کسی کا دفاع نہیں کیا اس وقت بھی میرے ایک ایم پی اے کا بھائی جیل میں ہے۔ہمارے صوبے میں دوسرے صوبوں کے مقابلے میں جرائم کی شرح کم ہے خیبرپختونخوا کی پولیس پنجاب پولیس سے بہتر ہے ایک آدھا کیس ایسا آ جاتا ہے جس کو بہت اچھالا جاتا ہے اس کا یہ مطلب نہیں ہے کہ کے پی کے کی پولیس ہی خراب ہے اچھے اوربرے لوگ ہر جگہ ہوتے ہیں لیکن ایک سسٹم بن چکا ہے جس کے تحت کام ہو رہاہے میں نے خود ہی اختیارات دیئے ہیں کوئی وزیر اعلیٰ کبھی اپنے اختیارات نہیں دیتا۔آج ہماری پولیس بہترین کام کررہی ہے ہماری پولیس کی کارکردگی کو ہر کوئی مانتا ہے خیبرپختونخوا میں تھانہ کلچر تبدیل ہو چکا ہے ہم نے پولیس کو ہر طرح کی سہولیات دے رکھی ہیں۔ ضرورت کے مطابق ہتھیار گاڑیاں دیں جو کچھ انہوں نے مانگا ہے وہ دیا ہے ان کی فنڈنگ اور بجٹ بڑھایا پولیس کوبااختیار بنانے کی ہر ممکن کوشش کی ہے۔

ایگریکلچر یونیورسٹی کے ہاسٹل ، شبقدر اور یونیورسٹی میں حملہ ہوا پولیس نے بہترین کارکردگی دکھائی اگر ایک آدھا واقعہ ہوجاتا ہے تو اس کا مطلب یہ نہیں کہ یہ ادارہ ہی ناکام ہوگیا اچھے کام کے لیے اس ادارے کی حوصلہ افزائی ہونی چاہیے یہ ادارے میرے ماتحت کام نہیں کر رہا بلکہ آئی جی کے ماتحت کام کر رہا ہے ہمارا صوبہ بڑے برے حالات سے گزر رہا ہے دہشت گردی سے بھرا تباہ حال ہے اس کے لیے میں گزارش کرتا ہوں کہ پولیس کو دباؤ میں نہ لایا جائے کیونکہ جب انسان دباؤ میں آتا ہے تو صحیح کام بھی غلط ہو جاتا ہے پولیس میں بھرتیاں میرٹ پر ہو رہی ہیں۔این ٹی ایس کے بغیر بھرتیاں نہیں ہوئیں۔ایم اے ایم ایس سی لڑکے پولیس کانسٹیبل ہیں اور جو ترقی کرنا چاہتا ہے۔

اس کے لیے بھی ایک طریقہ کار ہے انٹیلی جنس شیئرنگ کا طریقہ کار ہے جس کی وجہ سے بہتری آ رہی ہے ہم نے ٹریننگ سنٹر بنائے پولیس بہترین کام کررہی ہے ایک دو کیسز پر پوری پولیس کو ذمہ دار نہیں ٹھہرایا جا سکتا۔بم ڈسپوزل یونٹ بنایا تاکہ لوگ ٹریننڈ ہوں اس سے قبل ایسا نہیں تھا۔ خیبرپختونخوا پولیس کا دوسرے صوبوں سے موازنہ کرلیں انشاء اﷲ بہتری نظر آ ئے گی ایک دوواقعات پر پولیس پر تنقید نہیں کرنی چاہیے۔