267

خیبر پختونخوا کے تعلیمی بورڈز کی جائزہ امتحانات سے معذرت

پشاور۔ثانوی و اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ پشاور سمیت صوبے کے آٹھوں تعلیمی بورڈوں نے جماعت پنجم کے امتحانات بورڈز کے زیر انتظام نہ لینے کے مشترکہ فیصلے سے صوبائی حکومت کو آگاہ کر دیا ہے جبکہ اسسٹمنٹ کیلئے بھی وقت مانگ لیا ہے ٗخیبر پختونخوا حکومت نے 15فروری سے پنجم بورڈ اور ہشتم کے جائزہ امتحانات (اسسٹمنٹ ) شروع کرنے کا نوٹیفیکشن جاری کیا تھا اس فیصلے کے خلاف نجی تعلیمی اداروں نے عدالت عالیہ سے رجوع کرکے پنجم بورڈ پر حکم امتناعی حاصل کر لیا تھا جو تاحال قائم ہے جبکہ کیس عدالت عالیہ میں زیر سماعت ہے جس کی اگلی سماعت 2فروری کو ہونا ہے ۔

پشاور بورڈ کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر فضل الرحمن نے ’’آج ‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ اگر 2فروری کو پنجم بورڈ کے انعقاد کے حق میں بھی فیصلہ آتا ہے تب بھی اتنی قلیل مدت میں انتظامات مکمل نہیں کئے جا سکتے ٗ نجی سکولوں کے طلباء و طالبات کی رجسٹریشن ٗ پرچوں کی تیاری ٗ پرچوں کی پرنٹنگ ٗ رول نمبرز کا ا جراء ٗ امتحانی ہالوں کا انتخاب اور امتحانی عملے کی ڈیوٹی سمیت دیگر امور 10سے15دنوں میں ہرگز مکمل نہیں ہو سکتے۔

البتہ جائزہ امتحانات کا انعقاد کچھ دنوں کی تاخیر کے ساتھ یقینی بنایا جا سکتا ہے انہوں نے کہا کہ پنجم بورڈ پر حکم امتناعی صرف نجی سکولوں نہیں بلکہ سرکاری سکولوں پر بھی ہے لہٰذا عدالتی فیصلے کے بعد ہی تعلیمی بورڈامتحانات کیلئے انتظامات کر سکیں گے ۔