116

اقتدار سنبھالنے والا انڈسٹری نہیں لگا سکتا ٗ عمران خان 

فیصل آباد۔ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ ناقص حکومتی پالیسیوں کی وجہ سے سرمایہ دار پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے کی بجائے دبئی میں انڈسٹری لگارہے ہیں ‘شوگرز ملز نامور سیاستدانوں کی ہیں ، اپنی مرضی سے پالیسیاں مرتب کرنے کے باعث کسانوں کا معاشی استحصال ہوتاہے ،خیبرپختونخواہ میں قانون بنایا کہ اقتدار سنبھالنے والا انڈسٹری نہیں لگا سکتا،کوئی ملک اس وقت تک ترقی نہیں کر سکتا جب تک وہ خود کچھ پیدا کرنے کے قابل نہ ہو ۔

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے یہ بات منگل کو فیصل آباد میں ٹیکسٹائل کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے سرمایہ دار پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے کی بجائے دبئی میں انڈسٹری لگارہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ شوگرز ملز نامور سیاستدانوں کی ہیں جس کی وجہ سے وہ اپنی مرضی کے مطابق پالیسیاں مرتب کرتے ہیں اور کسانوں کا معاشی استحصال ہوتا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے خیبر پختونخواہ میں قانون بنایا ہے جس کے مطابق اقتدار سنبھالنے والا انڈسٹری نہیں لگا سکتا ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے اداروں میں انتہاء کی کرپشن ہوتی ہے جس کی وجہ سے تمام انڈسٹری مالکان سر پکڑ کر بیٹھ گئے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ اب انہیں تحریک انصاف امید نظر آرہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ کوئی ملک اس وقت تک ترقی نہیں کر سکتا جب تک وہ خود کچھ پیدا کرنے کے قابل نہ ہو اگر بیرون ملک سے برآمد ہونیوالی اشیاء پر انحصار کیا جائے گا تو ملک ترقی پذیر ممالک کی صف میں کھڑا ہوجائیگا ۔

انہوں نے کہا کہ گورنمنٹ کا مقصد پاکستان میں سے غربت اور بیروزگاری کو ختم کرنا ہے لیکن پاکستان میں غربت اور بیروزگاری انتہا درجے پر پہنچ گئی اور اس کی سب سے بڑی وجہ سے ٹیکسٹائل انڈسٹری کی بتاہی ہے جب ٹیکسٹائل انڈسٹری جو کہ ملک میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے مضبوط ہوجائیگی تو پاکستان میں غربت اور بیروزگاری کا خاتمہ ہوجائیگا۔ انہوں نے کہا کہ فیصل آباد کے تاجروں کی طرف سے مرتب کی جانے والی پالیسیوں میں مزید بہتری کی ضرورت ہے اور ہم ٹیکسٹائل مالکان کے ساتھ ہیں ۔

جو حکومت پالیسیاں اور ٹیم کو مد نظر رکھ کر قدم نہیں اٹھاتی اس ملک کے ادارے کمزور ہوجاتے ہیں اس لئے ہم نے ابھی سے اپنی پالیسیاں اور ٹیم مرتب دینا شروع کردی ہے تاکہ الیکشن کے وقت میں 1992 کی طرح اپنی ٹیم اور پالیسیوں کے ساتھ میدان میں اتروں اور پاکستان میں سے غربت اور بیروزگاری کا خاتمہ کرسکوں۔