132

نوازشریف اور مریم نواز کی وطن واپسی کی تاریخ طے

اسلام آباد۔پاکستان مسلم لیگ (ن)کے صدر نواز شریف، مریم نواز پیر کے روزبرطانیہ سے پاکستان پہنچیں گے اور منگل کو احتساب عدالت میں پیش ہوں گے۔سابق وزیراعظم اور مریم نواز جو لندن میں بیگم کلثوم نواز کی عیادت کے لئے موجود ہیں۔شریف خاندان کے قریبی ذرائع کے مطابق بیگم کلثوم کی طبیعت پہلے سے بہتر ہے، تاہم مزید علاج کے لیے انہیں لندن میں رہنا پڑے گا، ان کی دیکھ بھال کے لیے حسن اور حسین نواز وہاں موجود ہوں گے۔

19دسمبر بروز بدھ کو پنجاب ہاوس اسلام آباد میں اعلیٰ سطح مشاورتی اجلاس ہو گا، جس میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، وزیرا علیٰ پنجاب شہباز شریف، راجہ ظفرالحق، سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے ارکان شریک ہوں گے۔اجلاس میں سیاسی صورت حال پر مسلم لیگ کی آئندہ حکمت عملی پر مشاورت کی جائے گی، سینیٹ انتخابات، عام انتخابات ، قبل از وقت انتخابات کے آپشن پر بھی غور ہو گا، ان اہم ایشوز پر سابق وزیراعظم نواز شریف اتحادی جماعتوں کے سربراہوں سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔