173

نیٹ میٹرنگ منصوبے کے طریقہ کار کو تبدیل کرنے کا فیصلہ

لاہور ۔ وزارت پانی و بجلی نے نیٹ میٹرنگ منصوبے کے طریقہ کار کو تبدیل کرنے کا فیصلہ کر لیا،سولر پینلز کی مدد سے بجلی بنانے کا لائسنس جاری کرنے کے اختیارات نیپرا سے لیکر لیسکو سمیت بجلی کی تمام تقسیم کار کمپنیوں کو دیئے جائیں گے ۔ذرائع کے مطابق وزارت پانی و بجلی نے نیٹ میٹرنگ منصوبے کے طریقہ کار کو تبدیل کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، نیٹ میٹرنگ منصوبے کے تحت کنکشن کے حصول میں تبدیلی کی جا رہی ہے۔

نیٹ میٹرنگ منصوبے میں بجلی کی پیداوار کرنے کا لائسنس نیپرا جاری کرتی ہے تاہم نیپرا سے لائسنس جاری کرنے کا اختیار واپس لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے، لیسکو سمیت بجلی کی تقسیم کار کمپنیاں صارفین کو لائسنس جاری کر سکیں گی،کمپنیوں کو اختیار دینے سے صارفین کو کنکشن کے حصول میں آسانی ہو گی۔

سولر پینلز کی مدد سے نہ صرف صارفین بجلی کی پیداوار کر سکیں گے بلکہ اضافی بجلی کو کمپنیوں کو فروخت بھی کر سکیں گے۔ذرائع نے بتایا کہ بجلی کی پیداوارکا لائسنس دینے کا اختیار جلد کمپنیوں کو مل جائیگا جس پر تیزی سے کام جاری ہے۔