189

زرداری نے نواز شریف کو پھر ناں کر دی

اسلام آباد۔ پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری نے نوازشریف سے ملاقات سے انکار کر تے ہوئے نوازشریف سے ملنا یا ہاتھ ملانا خارج از امکان قرار دیا ہے ، مجھے ہمیشہ ڈسا گیا ہے ، پیپلزپارٹی کو میثاق جمہوریت کا نقصان ہوا، نوازشریف آخری وقت میں چھوڑ کر چلے گئے۔ تفصیلات کے مطابق ؂ آصف زرداری اور نوازشریف کے د رمیان ملاقات کی کوششیں گزشتہ تین ، چار ماہ سے جاری تھیں لیکن یہ چوتھی کوشش بھی ناکام ہوگئی ہے۔

جمعرات کو پیپلزپارٹی کے ترجمان سنیٹرفرحت اللہ بابر نے کہا کہ آصف زرداری نے نوازشریف سے ملنا یا ہاتھ ملانا خارج از امکان قرار دیدیا ہے۔ آصف زرداری نے کہا ہے کہ موجودہ ملکی سیاسی صورتحال کے ذمہ دار نوازشریف ہیں، انہیں صرف اپنی ذات کے لیے میثاق جمہوریت یاد آتا ہے۔ سابق صدر کا موقف ہے کہ انہیں ہمیشہ ڈسا گیا ہے، پیپلزپارٹی نے میثاق جمہوریت کیا جس کا اسے نقصان ہوا اور نوازشریف آخری وقت میں انہیں چھوڑ کر چلے گئے۔

سنیٹرفرحت اللہ بابر نے کہا کہ فی الحال نوازشریف سے ملاقات نہیں ہوسکتی، ملاقات اورمفاہمت کیلئے یہ مناسب وقت نہیں ہے آصف زرداری اوربلاول بھٹو نے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے بھی ملاقات سے انکار کردیا، اس سے قبل وزیراعظم نے خورشید شاہ سے ملاقات کراونے کی درخواست کی تھی، خورشید شاہ نے گزشتہ روز ملاقات کی خواہش سے متعلق پارٹی قیادت کو آگاہ کردیا تھا۔

واضح رہے پی پی پی کے شریک چیئر مین آصف زرداری اور سابق وزیراعظم نوازشریف کے درمیان گزشتہ کئی ماہ سے ملاقات کے لیے کوششیں جاری ہیں اور سابق صدر نے چوتھی بار نواز شریف سے ملاقات سے انکار کیا ہے۔