137

بیرونِ ملک پاکستانیوں کے ووٹ کیلئے سافٹ ویئر بنایا جائے، چیف جسٹس

اسلام آباد: چیف جسٹس آف پاکستان میاں ثاقب نثار نے اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ ڈالنے کی سہولت فراہم کرنے کے لیے نیشنل ڈیٹا بیس رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کو سافٹ ویئر بنانے کی ہدایت جاری کردی جبکہ میموگیٹ اسکینڈل کی فائل بھی طلب کرلی۔

سپریم کورٹ میں چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں عدالت عظمیٰ کے تین رکنی بینچ نے اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے سے متعلق کیس کی سماعت کی۔

سماعت کے دوران چیئرمین نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادار) نے عدالت کو رواں برس اپریل تک بیرون ملک پاکستانیوں کی ووٹنگ کیلئے سافٹ ویئر تیار کرنے کی یقین دہانی کرادی۔

سپریم کورٹ میں چیئرمین نادرا نے یقین دہانی کرائی ہے کہ بیرون ملک پاکستانیوں کی ووٹنگ کیلئے سافٹ ویئر اپریل کے آغاز میں تیار کرلیا جائے گا۔

عدالت عظمیٰ نے سافٹ ویئر کی تیاری کی پیشرفت رپورٹ ایک ماہ میں طلب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا اصل مقصد تارکین وطن کو ووٹ کی سہولت فراہم کرنا ہے۔

چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ ہم تنقید کے باوجود ڈلیور کر رہے ہیں۔

انہوں نے نادرا اور الیکشن کمیشن کو ہدایت کی کہ تارکین وطن کو آنے والے انتخابات میں ووٹ کی سہولت فراہم کرنے کا تحفہ دیں، اور اگر اس معاملے میں کوئی مشکل آتی ہے تو عدالت تعاون کرے گی۔

میاں ثاقب نثار نے کہا کہ تعلیم، رہنما اور قانون کی حکمرانی قوم کی تقدیر بدل دیتی ہے کیونکہ جن کے پاس علم تھا انہوں نے دنیا پر حکمرانی کی، مجھے ملک کے بچوں کا مستقبل بہت بہتر نظر آرہا ہے۔