152

نانگا پربت پر پھنسی فرانسیسی خاتون کوہ پیما کو بچا لیا گیا

گلگت۔کوہ ہمالیہ میں واقع پاکستان کی بلند ترین چوٹیوں میں سے ایک نانگا پربت کو سر کرنے کی کوشش کے دوران پھنس جانے والی فرانسیسی خاتون کوہ پیما کو بچا لیا گیا جبکہ پولینڈ کے کوہ پیما کی مزید تلاش ختم کردی گئی۔

واضح رہے کہ دونوں کوہ پیما، کوہ ہمالیہ میں واقع 26ہزار 660فٹ بلند نانگا بربت چوٹی پر خراب موسم کے باعث کیمپ 4 میں تین روز سے پھنسے ہوئے تھے۔دونوں کوہ پیماں نے سیٹلائٹ فون کے ذریعے مدد کا پیغام بھیجا تھا، جس میں بتایا گیا تھا کہ وہ 7ہزار 400میٹر کی بلندی پر پھنسے ہوئے ہیں، ان میں سے ایک کوہ پیما کی بینائی متاثر ہوئی ہے جبکہ دوسرے کوہ پیما کے ہاتھوں اور پاؤں کی انگلیاں فراسٹ بائیٹ کا شکار ہوئی ہیں۔

جس کے بعد دونوں غیر ملکی کوہ پیماؤں کو نکالنے کے لیے آرمی ایوی ایشن کے ہیلی کاپٹرز نے گزشتہ روز آپریشن شروع کیا تھا۔فرانسیسی خاتون کوہ پیما نے پولش مرد کوہ پیما کو کیمپ 4 پہنچادیا تھا جبکہ وہ خود کیمپ 3 تک پہنچ گئی تھیں، جنہیں ریسکیو کرلیا گیا۔

کوہ پیماؤں کی پولش ٹیم کا کہنا ہے کہ چوٹی پر پھنسے مرد کوہ پیما کا پتہ نہیں چل سکا جبکہ شدید سردی اور دشوار موسم کے باعث پولش کوہ پیما کی مزید تلاش ختم کر دی گئی ہے۔واضح رہے کہ نانگا پربت کو 'قاتل پہاڑ' بھی کہا جاتا ہے، جسے سر کرنے کی کوشش کے دوران اب تک کئی کوہ پیما جان کی بازی ہار چکے ہیں۔