269

پشاو ر میں باچا خان اور ولی خان برسی کی تیاریاں مکمل

پشاور ۔عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری اور باچا خان ، ولی خان کی برسی کیلئے انتظامی کمیٹی کے چیئرمین سردار حسین بابک نے کہا ہے کہ جلسہ انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے اور 28جنوری کو پشاور کی تاریخ کا عظیم الشان جلسہ عام منعقد کیا جائے گا، اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ جلسہ عام کیلئے4سو سے زائد سرخ پوش پختون زلمے محافظین تعینات کئے جائیں گے۔

جبکہ پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا کیلئے بھی گیلری کا انتظام کیا جائے گا،انہوں نے کہا کہ خواتین کیلئے الگ پنڈال کا مناسب طریقہ کار اپنایا گیا ہے کیونکہ جلسہ عام میں خواتین کی ایک بڑی تعداد بھی شرکت کرے گی، سردار حسین بابک نے کہا کہ اے این پی کی مرکزی و صوبائی کابینہ ،ممبران اسمبلی ، پارٹی کے ضلعی صدور اور ذیلی تنظیموں کے صدور کیلئے سٹیج پر نشستیں مختص کر دی گئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میڈیا کوریج کے ساتھ ساتھ پارٹی کے آفیشل پیج سے جلسہ عام براہ راست دکھانے کے انتظامات بھی کئے گئے ہیں،جبکہ پشتو کے نامور شعراء اپنے کلام کے ذریعے باچا خان اور ولی خان کو نذرانہ عقیدت پیش کریں گے جس کے بعد مرکزی و صوبائی قائدین خطاب کریں گے، انہوں نے کہا کہ یہ تاریخ کا عظیم الشان جلسہ ثابت ہوگا،جس میں اے این پی کے کارکن سرخ ٹوپیوں اور جھنڈوں کے ساتھ شرکت کریں گے، چیئرمین انتظامی کمیٹی نے کہا کہ گاڑیوں کی پارکنگ کیلئے بھی خصوصی انتظام کیا گیا ہے