123

بلاک شناختی کارڈ تصدیق کے بعد بحال کر دیئے جائینگے‘ احسن اقبال

اسلام آباد۔ وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ ملک میں بلاک سوا لاکھ شناختی کارڈ تصدیق کے بعد بحال کر دیئے جائیں گے، خواتین کو جمہوری عمل میں شامل کرنے کیلئے ان کی رجسٹریشن ضروری ہے، انتخابات کے پیش نظر نادرا موبائل گاڑی چلائی جارہی ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز نادرا موبائل وین سروس کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں کیا، انہوں نے کہا کہ خواتین کے شناختی کارڈ سے متعلق اقدامات کر رہے ہیں، انتخابات کے پیش نظر نادرا موبائل گاڑیاں چلائی جارہی ہیں، انہوں نے کہا کہ خواتین کو جمہوری عمل میں شامل کرنے کیلئے ان کی رجسٹریشن ضروری ہے، خواتین کی جمہوری عمل میں شرکت ان کا حق ہے، ملک میں سوا لاکھ شناختی کارڈ بلاک ہیں۔

بلاک شدہ شناختی کارڈ تصدیق کے بعد بحال کئے جائیں گے، انہوں نے کہا کہ ملک میں سیکیورٹی معاملات پر ہم سب متفق ہیں، تمام این جی اوز ملک دشمن نہیں، کچھ این جی اوز پر خدشات ہیں، انہوں نے کہا کہ معشیت کی مضبوطی کے ساتھ سیکیورٹی کا کٰال بھی رکھنا ہو گا، ہمیں ہوشمندی کے ساتھ سیکیورٹی کے معاملات درست کرنا ہوں گے، انہوں نے کہا کہ کسی پالیسی کو تبدیل نہیں کر رہے بلکہ ایک نظام واضح کر رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ حکومت کا کام آسانیاں پیدا کرنا ہے، آگے جانے کیلئے مثبت سوچ کی ضرورت ہے، قصور میں ملزم کے پکڑے جانے سے پنجاب حکومت کو نیک نامی اور کامیابی حاصل ہوئی، انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا ففتھ جنریشن وارٹول ہے۔

لوگ من گھڑت خبریں پھیلانے والوں سے چوکنا رہیں اور تحقیق کے بغیر خبروں پر یقین نہ کیا جائے، انہوں نے کہا کہ قصور واقعہ کے مرکزی ملزم کے بینک اکاؤنٹ جارے ایک اینکر نے خبر چلائی جس پر نوٹس ہوا بعد میں پتہ چلا کہ خبر من گھڑت ہے، انہوں نے کہا کہ پاکستان کی دہشتگردی کیخلاف کامیابیوں کا اعتراف کیا جانا چاہئے، انہوں نے کہا کہ دہشتگرد گروہوں کیخلاف ہماری کامیابیوں کی مثال دنیا میں نہیں ہے، دہشتگردی کے خلاف جتنی کامیابی پاکستان نے حاصل کی اتنی کسی ملک نے نہیں کی، انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ڈرون حملے پر امریکہ سے شدید احتجاج کیا، ڈرون حملے کو ملکی خودمختیاری کے خلاف سمجھتے ہیں، پاکستان نے ڈرون حملوں کی مذمت کی ہے، انہوں نے کہا کہ چین پاکستان کا دیرینہ دوست اور خیرخواہ ہے، چین نے پاکستان کو سی پیک دیا، جلدی انتخابات کا مطالبہ کرنے والے نظام میں خرابی چاہتے ہیں، عمران خان طویل دورانیے کی نگران حکومت چاہتے ہیں، انتخابات جولائی 2018ء سے پہلے ممکن نہیں۔