382

باڑہ میں صاحبزادہ عبدالقیوم سکول وکالج کا سنگ بنیاد

پشاور ۔ گورنرخیبرپختونخوا انجینئراقبال ظفرجھگڑا نے کہاہے کہ تعلیم کا فروغ کسی بھی معاشرے کی ترقی کے لئے بنیادی ضرورت ہے۔ انہوں نے مزیدکہاہے کہ درحقیقت تعلیم کے بغیرانسان نامکمل ہے اوراس حقیقت کے پیش نظر موجودہ حکومت نے تعلیم کے فروغ کے لئے جامع اقدامات اٹھائے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار گورنرنے جمعرات کے روز خیبرایجنسی کی تحصیل باڑہ میں سرصاحبزادہ عبدالقیوم سکول وکالج کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

یہ ادارہ ایک سوکنال رقبے پر محیط ہوگا۔ تقریب میں سینیٹر مومن خان آفریدی،رکن قومی اسمبلی ناصرخان آفریدی، ایڈیشنل چیف سیکرٹری فاٹاسکندرقیوم اورکثیر تعداد میں قبائلی زعماء نے شرکت کی۔گورنرنے ادارے کی اہمیت کا ذکرکرتے ہوئے کہاکہ اس میں معیاری تعلیم یقینی بنانے کے لئے اس کا الحاق گھوڑہ گلی مری میں قائم ملک کے ممتازتعلیمی ادارے لارنس کالج سے کیا گیا ہے اوراس ادارے کا نظم و نسق بورڈ آف گورنرزکے ماتحت ہوگا۔ 

گورنرنے کہاکہ اس ادارے کی بدولت باڑہ کے عوام کو معیاری ، نصابی وہم نصابی تعلیمی سہولیات حاصل ہوں گی اور دہشت گردی سے متاثرہ بچوں کونہایت ہی کم اخراجات پرتعلیمی سہولیات میسرہوں گی۔ انہوں نے اس ادارے کے قیام کے سلسلے میں پولیٹیکل انتظامیہ خیبر ایجنسی کی کاوشوں کو سراہا اور اس یقین کا اظہارکیا کہ یہ ادارہ علاقے کے طلباء کو اُن کی دہلیز پر معیاری تعلیم مہیا کرنے میں بہت مددگارثابت ہوگا۔ انہوں نے اس موقع پرادارے کی کامیابی اورترقی کیلئے ہرممکن مدد و تعاون کا بھی یقین دلایا۔