144

پاکستان کیلئے مسئلہ کشمیر اور فلسطین ایک برابر ہیں ، آرمی چیف

راولپنڈی۔آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاکستان مسئلہ فلسطین کا حل چاہتا ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل ہیڈ کوارٹر راولپنڈی میں منگل کو آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے فلسطین کے سفیر ولید اے ایم ابو علی نے ملاقات کی اور فلسطین کی کاز کی حمایت پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان کشمیر ایشو کے ساتھ مسئلہ فلسطین کا بھی حل چاہتا ہے، دونوں ایشوز کو پاکستانی عوام کی ایک جیسی سیاسی و اخلاقی حمایت حاصل ہے۔

پاکستان فلسطین کے حل طلب مسئلے کو مسئلہ کشمیر کی طرح دیکھتا ہے ،ہم کشمیر و فلسطین پر اپنے اصولی موقف کی حمایت جاری رکھیں گے، فلسطین پرغاصبانہ قبضہ ہے جس کی پاکستان ہر سطح پر مذمت کرچکا ہے اور فلسطین کے عوام کے حقوق کی حفاظت کیلئے پاکستان اپنا کردار آئندہ بھی جاری رکھے گا ،نام نہاد قبضے کی حقیقت سے قطع نظر اصولی موقف پر قائم ہیں۔خیال رہے کہ یہ ملاقات ایک ایسے موقع پر کی گئی ہے جب کچھ روز قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عالمی دبا ومسترد کرتے ہوئے مقبوضہ بیت المقدس (یروشلم( کو اسرائیلی دارالحکومت تسلیم کرنے کا باضابطہ اعلان کیا۔

قبل ازیں آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے شمالی وزیرستان میں دہشتگردوں کے حملے میں پاک فوج کے شہید ہونے والے دوجوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ آج جوہم آزاد ہیں اپنے بیٹوں کی قربانیوں کی وجہ سے ہیں، آزادی مفت میں نہیں ملتی بلکہ اس کی قیمت چکانا پڑتی ہے، ہمارے بہادر بیٹے آزاد دھرتی کے لیے قربانیاں دیتے ہیں جب کہ وطن کیلئے جانیں قربان کرنے والوں کوسلام پیش کرتے ہیں۔