149

پارلیمنٹ کیخلاف ریمارکس‘ قومی اسمبلی اجلاس میں شدید ہنگامہ 

اسلام آباد۔ قومی اسمبلی کے اجلاس میں پاکستان تحریک انصاف کے ارکان کی جانب سے پارلیمنٹ کو لعنتی کہنے پر شدید ہنگامہ ہوا‘ پاکستان تحریک انصاف کے ارکان اور حکومتی اور پاکستان پیپلز پارٹی کے ارکان کے درمیان تلخ کلامی ہوئی‘ پی ٹی آئی کے ارکان اپنی نشستوں پر کھرے ہوگئے ایوان میں شور شرابہ ‘ حکومتی بنچوں سے بھی نعرے بازی کی گئی‘ ایوان مچھلی منڈی بن گیا جبکہ ڈپٹی سپیکر مرتضیٰ جاوید عباسی نے رولنگ دیتے ہوئے کہا کہ پارلیمنٹ پر لعنت بھیجنے والوں پر قوم لعنت بھیجے اور ایسے ارکان کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔

پارلیمنٹ کے تقدس کا خیال رکھا جائے‘ پارلیمنٹ کی عزت کے تحفظ کے لئے ارکان ایسی قانون سازی کریں جس کے بعد کسی کو پارلیمنٹ کی عزت پامال کرنے کی جرات نہ ہو اور پارلیمنٹ کی توہین کرنے والی جماعتوں پر پابندی لگنی چاہئے‘ پاکستان تحریک انصاف کے ارکان شہریار آفریدی اور عامر ڈوگر نے کہا کہ سابق وزیراعظم نے پارلیمنٹ میں آکر جھوٹ بولا‘ جھوٹ بولنے والوں پر اﷲ لعنت بھیجتا ہے‘ جب پارلیمنٹ میں چور‘ ڈاکو بیٹھیں گے تو اس پر اﷲ کی لعنت ہوگی‘ یہ بتایا جائے کہ یہ پارلیمنٹ عوام کے مفاد کے لےء قانون سازی کے لئے بنایا گیا ہے یا ایک عدالتی نااہل شخص اور منی لانڈرنگ میں ملوث شخص کے تحفظ کے لئے بنایا گیا ہے۔

عدلیہ‘ فوج سب مقدس ہیں ان کو گالیاں دی جارہی ہیں جب اربوں روپے کی چوری کرنے والوں کا تحفظ کریں گے تو لوگ پارلیمنٹ پر لعنت بھیجیں گے جبکہ عدالستار بچانی نے کہا کہ پارلیمنٹ کی بے حرمتی برداشت نہیں کریں گے‘ پی ٹی آئی کے رکن نے تمام ارکان کو منافق کہا‘ پاکستان تحریک انصاف خود چوروں کا ٹولہ ہے پارلیمنٹ پر لعنت کے بجائے ان پر لعنت بھیجتے ہیں‘ رضا حیات ہراج نے کہا کہ غلطی کا اعتراف کرکے الفاظ واپس لینے چاہئے‘ پارلیمنٹ خرافات پر بحث نہ کرے‘ آج ہم خود ہی اپنے اوپر لعنت بھیج رہے ہیں‘ کسی فرد کو خوش کرنے کے بجائے پارلیمنٹ کے تقدس کا خیال رکھا جائے۔

منگل کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں پوائنٹ آف آرڈر پر گفتگو کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے رکن انجینئر حامد الحق نے کہا کہ گزشتہ تین دن سے اسمبلی میں بات کرنا چاہتے ہیں احتجاج میں ہیں ہمارے ارکان کو بات نہیں کرنے دی جارہی ہے ورنہ ہم اجلاس نہیں چلنے دیں گے۔ پی ٹی آئی کے چیئرمین کے خلاف مذمت کی ہے اور باقی ارکان نے تقریریں کی ہیں لعن طعن کی ہے ہمیں بھی موقع ملنا چاہئے قرآن میں لکھا ہے کہ جھوٹوں پر اﷲ کی لعنت ہے۔ ایوان میں کتنے لوگ جھوٹ بولتے ہیں۔ ڈپٹی سپیکر نے کہا کہ پی ٹی آئی کے ارکان کا رویہ درست نہیں ہے ہم نے کسی کو بات کرنے سے نہیں روکا پوائنٹ آف آرڈر پر مختص وقت میں سب کو بات کرنے کا موقع دیا جاتا ہے۔ عبدالستار بچانی نے کہا کہ افسوس سے کہہ رہا ہوں پی ٹی آئی کے ارکان نے سپیکر پر بھی لعنت بھیجی ایسے لوگوں کو وقت کیوں دیتے ہیں۔

ایوان کا تقدس پامال کرتے ہیں ورنہ ہم بھی ان پر لعنت بھیجیں گے۔ ڈپٹی سپیکر نے کہا کہ تاریخ میں چیئر اور پارلیمنٹ کی بے حرمتی کبھی نہیں ہوئی ایسی قانون سازی ہونی چاہئے کہ آئندہ کسی کو جرات نہ ہو کہ وہ بے حرمتی کرے۔ چار سال سے زائد عرصہ ہوگیا ہے سیاسی تربیت نہیں ہوسکی اپنا رویہ درست کریں۔ پارلیمنٹ کو مرضی سے حجرہ نہیں بننے دیں گے ارکان ایسی قانون سازی کریں کہ ایسی جماعتوں پر پابندی ہو جو آئین اور پارلیمنٹ کی توہین کرتے ہیں۔ 

شہریار آفریدی نے کہا کہ آئین قرآن و سنت کے تابع ہے پارلیمان اور پورا ملک قرآن و سنت کا پابند ہے سوال تو یہ ہے مسجد ضرار کو گرانے کی بات کرتے ہیں جہاں پر منافقین بیٹھ کر اﷲ اور رسول کے خلاف بات کرتے ہیں خانہ کعبہ کے طرف مسلمان نماز پڑھتے ہیں وہاں سے بتوں کو صاف کرایا گیا جب باپ بدکردار ہوتا ہے تو اس کو برا بھلا کہا جاتا ہے جب پارلیمنٹ کے اندر اﷲ کے نام پر سابق وزیراعظم حلف لے کر اپنے منی ٹریل کے حوالے سے ذرائع بتاتا ہے ایک سال سپریم کورٹ منی ٹریل پوچھتی رہی ڈپٹی سپیکر نے کہا متنازعہ بات نہ کریں سیاسی تقریریں نہ کریں ۔


شہریار آفریدی نے کہا کہ جب ایک شخص جھوٹ بولتا ہے تو اس پر اﷲ تعالیٰ لعنت کہتا ہے کہ اﷲ اسے رحمت سے محروم کرے ڈپٹی سپیکر نے کہا کہ پارلیمنٹ پر لعنت بھیجی گئی اس معاملہ کو سیاسی نہ بنائیں اس کی مذمت کی گئی شہریار آفریدی نے کہا کہ سانحہ قصور اور ماڈل ٹآؤن میں سانحات ہوئے ہیں مائیں جب سڑکوں پر ہوں 64000 پاکستان کے بچوں کی پورن گرافی کی فلمیں بنیں جب یہاں حکمران اپنے بچے کی تصویر شائع ہونے پر شور مچائیں اور عوام کے حالات یہ ہوں تو ایسے حکمرانوں پر اﷲ کی لعنت نہ ہو تو پھر کیا ہو۔

پارلیمنٹ فیصلہ کرے کہ پاکستان کب تک ذلیل ہوتا رہے گا۔ گھروں کو عزت گھر کے مکین دیتے ہیں پاکستان کے بڑے جھوٹ بولیں غریبوں کامال لوٹیں تو ان کو عزت نہیں ملے گی۔ ایوان ایک شخص کے لئے قانون سازی تو کرسکتا ہے لیکن عوام کے لئے قانون سازی نہیں ہوسکتی۔ لاپتہ افراد اور قتل ہونے والے نوجوانوں کی ماؤں سے پوچھیں ایسا پارلیمنٹ جس میں چور اور ڈاکو بیٹھے ہوں تو ان پر اﷲ کی لعنت ہوگی۔ 

ڈپٹی سپیکر نے کہا کہ جب پارلیمنٹ کے ممبران اس کی عزت نہیں کریں گے تو عوام کی خدمت کیسے کریں گے۔ اس پارلیمان پر لعنت بھیجنے والے خود لعنتی ہوجائیں گے۔ لعنت کا لفظ حذف کرتا ہوں۔ پی ٹی آئی کے ارکان نے اہتجاج کیا کہ ڈپٹی سپیکر الفاظ واپس لیں۔ محمود بشیر ورک نے کہا کہ معمول کا بزنس کیا جائے اور اس کے بعد پوائنٹ آف آرڈر پر بات کریں۔ محمود خان اچکزئی نے کہا کہ اہم موضوع چھوڑا ہے اس پر وقت مقرر کریں اس پر بات کریں گے۔ 

معقول انداز میں ایک دوسرے کو سمجھانے کی کوشش کریں گے گالیاں دینے کی ضرورت نہیں ہے کس نے پارلیمنٹ کا خیال رکھا ہے کس نے ملٹری دوستوں سے تعلق رکھا اس پر بات کریں گے ایک دوسرے کو آئینہ دیکھا دیں گے کس نے کیا جھوٹ بولا سب بتا دیں گے اس پر وقت رکھیں جھوٹوں پر لعنت ہونی چاہئے عبدالستار بچانی نے کہا کہ افسوس ہے کہ اپوزیشن کا حصہ ہیں ایک شخص کے لئے قانون سازی کی مخالفت کی ہے یہ کہنا کہ پوری پارلیمنٹ پر لعنت یہ درست نہیں ہم نے بل کی مخالفت کی ہے پی ٹی آئی کے ارکان نے ہمیں منافقین اور چور کہا ان کے پاس جو جائے پاس وہ پاک ہوجاتے ہیں لوگوں کی ہم خدمت کرتے ہیں کب لوگ ہمیں منتخب کرتے ہیں ۔

انہوں نے خیبرپختونخوا میں انہوں نے کیا کیا۔ سارے چوروں کا ٹولہ آکر بیٹھے ہم ان پر لعنت بھیجتے ہیں ڈپٹی سپیکر نے کہا کہ ایوان کے تقدس کا خیال رکھا جائے ساری قوم دیکھ رہی ہے۔ عامر ملک نے کہا کہ ڈپٹی سپیکر بتائیں کہ وہ کیا کسٹوڈین کا کردار ادا کررہے ہیں آپ نے سیاسی بات کیوں کی پانچ دن سے فلور نہیں دیا جو ہمیں گالیاں دیتے ہیں ان کو فلور دیتے ہیں۔ ڈپٹی سپیکر نے کہا کہ آج میں رولنگ دیتا ہوں کہ جو پارلیمنٹ پر لعنت بھیجتا ہو ساری قوم اس پر لعنت بھیجے۔ 

پارلیمنٹ اس پر قانون سازی کرے پارلیمنٹ پر لعنت بھیجنے والوں کو کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا۔ ماروی میمن نے کہا کہ پرائیویٹ ممبرز ڈے کا خیال رکھا جائے لعنت والی سیاست کو رد کرتے ہیں ہمیں یہ لفظ نہیں سننا چاہئے۔ پی ٹی آئی کے ارکان نے احتجاج کیا اور ڈائس کا گھیراؤ کیا ڈپٹی سپیکر کی رولنگ پر احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے ہمارے ساتھ زیادتی کی ہے ارکان نے ڈپٹی سپیکر زندہ باد کے نعرے لگائے رضا ہراج حیات نے کہا کہ یہ رویہ پارلیمانی روایات کے مطابق نہیں ہے۔ پی ٹی آئی ارکان اپنی نشستوں پر تشریف رکھیں۔ شہریار آفریدی نے کہا کہ ختم نبوت کی بات نہیں کررہے اور جھوٹوں کو بچا رہے ہیں ختم نبوت کی شق نکالنے والوں پر لعنت ہو۔

شاہ جی گل آفریدی نے مداخلت کرکے پی ٹی آئی کے ارکان کو ڈپٹی سپیکر کے ڈائس کے آگے سے ہٹایا پی ٹی آئی کے ارکان اپنی نشستوں پر کھڑے ہوگئے اور ایوان میں شور شرایہ کیا۔ حکومتی بنچوں اور پی ٹی آئی ارکان کے درمیان تند جملوں اور نعروں کا تبادلہ ہوا۔ کیپٹن (ر) صفدر اور شہریار آفریدی میں جھڑپ ہوئی۔ رضا حیات ہراج نے کہا کہ میں خدا کا واسطہ دے کر کہتا ہوں کہ یہ ہماری روایات نہیں ہیں سپیکر کی چیئر کی عزت پامال نہ کی جائے پارلیمنٹ کی عزت ہم نہیں کریں گے تو پھر کون کرے گا ہم اپنے آپ پر لعنتیں بھیج رہے ہیں۔ پاکستان کے مسائل کی طرف دیکھنے کے بجائے یہ کیا کررہے ہیں۔

پارلیمان کے بارے میں نازیبا الفاظ زیب نہیں دیتے۔ جوش خطاب میں غلطی کا اعتراف کرنے کی بجائے اس پر ڈٹ جانا درست نہیں ہے ہم نہیں فیصلہ کرسکتے کہ کون محب رسول ہے جلسے میں جوش خطاب ممیں کی گئی غلطی اور ادا کئے گئے الفاظ واپس لینا چاہئیں۔ پارلیمنٹ اور سپیرک کا فیصلہ سپریم کوڑٹ بھی رد نہیں کرسکتی کسی فرد کو خوش کرنے کے بجائے اﷲ کو خوش کرنے کی بات کی جائے۔

اس طرح کا رویہ میونسپل کمیٹی کے رکن کا بھی نہیں ہوتا اس پر مزید بحث نہ کی جائے۔ فلور پر اس طرح کی بحث فلور کی توہین نہیں۔ خرافات پر بحث نہ کی جائے ہماری دعا ہے کہ اﷲ تعالیٰ ان کو ہدایت دے اور رویہ درست کریں میں نہیں چاہتا کہ رول 21 پر عمل کریں عامر ڈوگر نے کہا کہ کیا ایوان عوام کے مفاد کی قانون سازی کے لئے بنا ہے نے والے اور سپریم کورٹ سے نااہل شخص کے تحفظ کے لئے بنا ہے حکومت نے عوام کو بے وقعت کیا ہے اربوں روپے کی چوری کرنے والوں کا تحفظ کریں گے تو لوگ ایوان پر لعنت بھیجیں گے۔ شیخ مجیب کو ہیرو اگر کسی سندھی یا بلوچی نے کہا ہوتا تو اس پر غداری کا مقدمہ چلایا جاتا کیا عدلیہ اور پاک فوج مقدس نہیں ہے ان کو گالیاں دی جارہی ہیں سب ادارے مقدس ہیں۔