345

راؤ انوار کی بیرون ملک فرار ہونے کی کوشش ناکام

اسلام آباد: مبینہ پولیس مقابلے میں نوجوان نقیب اللہ محسود کو ہلاک کرنے کے الزام میں معطل سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) ملیر راؤ انوار کی اسلام آباد کے بینظیر بھٹو انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے بیرون ملک فرار ہونے کی کوشش ناکام بنادی گئی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ راؤ انوار نجی ائیرلائن سے گزشتہ روز اسلام آباد پہنچے جہاں سے انہیں غیرملکی ائیرلائن کی پرواز سے دبئی جانا تھا۔

ذرائع کے مطابق بے بھٹو ائیرپورٹ پر ان کا سامان ایک اور شخص نے جمع کروایا جس کے بعد راؤ انوار براہ راست امیگریشن کاؤنٹر پر گئے جہاں موجود اہلکار نے ان سے این او سی طلب کیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ راؤ انوار کے پاس این او سی موجود نہیں تھا جس کی وجہ سے انہیں ملک چھوڑنے سے روک دیا گیا۔

ایف آئی اے حکام کے مطابق راؤ انوار کو حراست میں نہیں لیا گیا، کیونکہ انہیں اس قسم کے احکامات موصول نہیں تھے، جبکہ راؤ انوار کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں بھی شامل نہیں ہے۔