119

سانحہ بلدیہ کا مرکزی ملزم پاکستان کے حوالے

اسلام آباد۔متحدہ عرب امارت حکام نے سانحہ بلدیہ ٹاون کے مرکزی ملزم حماد صدیقی کو پاکستان کے حوالے کردیا، ملزم کو خفیہ ادارے کے سپرد کیا گیا اور اسے پاکستان لایا جاچکا ہے۔نجی ٹی وی کے مطابق حماد صدیقی کی حوالگی باہمی انٹیلی جنس تعاون کا نتیجہ ہے اور اس میں نارمل چینلز کو استعمال نہیں کیا گیا بلکہ لیاری گینگ وار کے سرغنہ عزیر بلوچ کی حوالگی کی طرز پر ہی یہ کارروائی عمل میں لائی گئی ہے۔

حماد صدیقی کو مناسب وقت پر سامنے لایا جائے گا اور عدالت میں بھی پیش کیا جائے گا۔یاد رہے کہ سانحہ بلدیہ فیکٹری کے مرکزی ملزم اور ایم کیو ایم کی تنظیمی کمیٹی کے سابق انچارج حماد صدیقی کی گرفتاری کے لئے عدالت نے انٹرپول سے رابطے کا حکم دیا تھا جس پر ملزم کو رواں برس اکتوبر میں دبئی سے گرفتار کیا گیا، ملزم کی پاکستان حوالگی کے لیے ضروری کارروائی کی جارہی تھی۔واضح رہے کہ بلدیہ ٹاون فیکٹری سانحہ میں 259 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔