147

ن لیگ اور پیپلزپارٹی میں خفیہ معاملات طے

اسلام آباد ۔انتخابی حلقہ بندیوں کے معاملے پر حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلزپارٹی کے درمیان میثاق جمہوریت کے تحت خفیہ طور پر معاملات طے پا گئے ہیں، سینٹ کے جاری سیشن کے دوران انتخابی حلقہ بندیوں کا ترمیمی بل منظور کرلیا جائے گا۔ بیک ڈور رابطوں کے ذریعے سابق وزیراعظم محمد نواز شریف نے پی پی پی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کو یقین دلایا ہے کہ ممبران اسمبلی کے اربوں روپے کے ترقیاتی اور سپیشل فنڈز جنوری میں جاری کردیئے جائیں گے۔

ذمہ دار ذرائع نے بتایا کہ مسلم لیگ (ن) نے پی پی پی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری سے رابطہ کیا ہے کہ انتخابی حلقہ بندیوں میں ترمیم کے قانون کا جو معاملہ گزشتہ کئی ہفتوں سے التواء کا شکار چلا آرہا ہے اس میں معاونت کی جائے۔ اس سلسلے میں سینیٹ میں قائد ایوان راجہ ظفر الحق نے بھی آصف علی زرداری سے رابطہ کیا تاہم انہوں نے اس پر کوئی جواب نہیں دیا جس کے بعد سابق وزیراعظم نواز شریف نے آصف علی زرداری سے بیک ڈور چینل کے ذریعے رابطہ کیا اور دونوں جماعتوں کے درمیان معاملات طے پا گئے ہیں۔

یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ آصف علی زرداری نے مطالبہ کیا کہ ممبران اسمبلی کے ترقیاتی اور سپیشل فنڈز جاری کئے جائیں جس کا نواز شریف نے وعدہ کیا کہ وہ جنوری میں جاری کردیئے جائیں گے۔ جس کے بعد دونوں جماعتوں نے اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ انتخابی حلقہ بندیوں میں ترمیم کا قانون رواں سینیٹ کے سیشن میں منظور کرلیا جائے گا۔ پی پی پی نے وعدہ کیا ہے کہ ان کے ممبران سینیٹ سے غیر حاضر نہیں ہوں گے اور جب بل کو سینیٹ میں پیش کیا جائے گا تو پی پی پی اس کی مکمل حمایت کرے گی۔

پیپلزپارٹی نے اس بات کی بھی یقین دہانی کروائی ہے کہ ان کی جماعت نہ کورم کی نشاندہی کرے گی اور نہ سینیٹ سے بائیکاٹ یا واک آؤٹ اور احتجاج کیا جائے گا۔ مسلم لیگ ن کے ذرائع نے بتایا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف نے آصف علی زرداری کو یہ بھی یقین دہانی کرائی ہے کہ ممبران اسمبلی کو ترقیاتی اور سپیشل فنڈز کے علاوہ دیگر فنڈز بھی جاری کئے جائیں گے اور اس بل کی حمایت پر سینیٹرز کے لئے بھی گرانٹ کا اعلان کیا جائے گا۔