231

بلین سونامی پراجیکٹ پر حکومت کا اپوزیشن کو چیلنج

پشاور۔خیبرپختونخوا حکومت نے بلین ٹریز سونامی پراجیکٹ میں کرپشن و بدعنوانی کے الزامات یکسر مسترد کرتے ہوئے اپوزیشن کو چیلنج کیاہے کہ پورے صوبہ کی پانچ ہزار سائٹس میں سے کسی ا یک میں بھی بدانتظامی ثابت کردکھائی جائے اس سلسلہ میں ایک بارپھر اپوزیشن اور میڈیا کو پیشکش کی گئی ہے کہ کسی بھی سائٹ کاانتخاب کیاجائے حکومت فوری طورپر اس کے وزٹ کاانتظا م کرنے کے لیے تیا رہے۔

حکومتی ذرائع کے مطابق پورے ملک کایہ واحد پراجیکٹ ہے جس کی شفافیت اورکامیابی کااعتراف عالمی سطح پر کیاگیاہے اپوزیشن اراکین سستی شہر ت کے لیے بے بنیادالزام تراشی کرکے صوبہ کے مفادات کو نقصان پہنچانے کی ناکام کوششیں کررہی ہے اس سلسلہ میں صوبائی وزیر جنگلات وماحولیات اشتیاق ارمڑ نے روزنامہ آج کوبتایاکہ بلین ٹریز سونامی کے ذریعہ انتہائی کم مدت میں ایک ارب سے زائد پودے لگاکر بون چیلنج کے کامیاب ملکوں کی فہرست میں خود کو شامل کرانا بڑے اعزاز کی بات ہے۔

ہم نے پورے پراجیکٹ کی تکمیل میں بجٹ سے کئی ارب روپے کم خرچ کرکے کفایت شعاری کی نئی مثال قائم کردکھائی ہے اور ہمارا چیلنج ہے کہ اپوزیشن اس پورے منصوبہ میں ایک پائی کی بھی کرپشن ثابت کردکھائے تو ہم ہرسزا بھگتنے کے لیے تیار ہیں بصورت دیگر اپوزیشن کو بے بنیاد الزام تراشی پر معافی مانگنا ہوگی ۔