245

افغانستان کی پاکستان کیساتھ تجارت کیلئے شرائط

اسلام آباد ۔ افغانستان نے پاکستان کے ساتھ تجارت کیلئے مشروط شرائط رکھ دیں ، پاک افغان ٹرانزٹ ٹریڈ معاہدے مذاکرات میں بھارت کو ساتھ بٹھایا جائے۔تفصیلات کے مطابق پاکستان اور افغانستان کے درمیان دو طرفہ تجارتی تعلقات میں شدید کشیدگی پائی جاتی ہے، وزارت تجارت کے حکام کے مطابق پاکستان نے افغانستان کے ساتھ دو طرفہ فری ٹریڈ اور تجارتی مذاکرات کی بحالی کے لیے جب افغانستان کو اسلام آباد آنے کی دعوت دی گئی تو افغان حکومت نے آنے سے تامل سے کام لیا ۔

جب پاکستان کی جانب سے افغانستان کو پاکستان آنے کی حتمی تاریخ دینے کے لئے کہا تو افغانستان نے پاک افغان ٹرانزٹ ٹریڈ معاہدے پر ہونے والے مذاکرات کے دوران بھارت کو بھی ساتھ بٹھانے کی شرط رکھی ہے۔جبکہ دوسری جانب پاکستان نے افغانستان کی شرط مسترد کردی ہے ، وزارت تجارت کے حکام کا کہنا ہے کہ افغانستان کی شرط قابل عمل نہیں ہے ۔

بھارت کی موجودگی میں افغانستان کے ساتھ مذاکرات ممکن نہیں ہیں۔افغانستان کو پاک افغان ٹرانزٹ ٹریڈ معاہدے پر اعتراض ہے تو پاکستان وہ اعتراضات دور کرنے کے لیے تیار ہے مگر دو طرفہ مذاکرات میں بھارت کو ساتھ بٹھانے کی اجازت نہیں دی جاسکتی ۔حکام نے واضح کیا کہ افغانستان کو بھارتی اثرو رسوخ سے باہر نکلنا ہو گا۔