298

رشکئی سپیشل اکنامک زون کی ترقی کے معاہدے پر دستخط

پشاور ۔ حکومت خیبرپختونخوا اور عوامی جمہوریہ چین کی سرکاری کمپنی چائنا روڈ اینڈ بریج کارپوریشن (سی آر بی سی) کے مابین رشکئی سپیشل اکنامک زون کی ترقی کیلئے معاہدے پر دستخط کئے گئے ۔منصوبے کا فیز ۔I ایک ہزار ایکڑجبکہ فیز۔II 1600 ایکڑ رقبے پر محیط ہے جس کو ترقی دی جائے گی ۔ معاہدے میں 225میگاواٹ کے کمبائنڈ سائیکل گیس ٹربائن پاور پلانٹ کی ترقی اور اُس کو فعال بنانا بھی شامل ہے ۔ہفتہ کے روز ایک سادہ مگر پروقار تقریب میں حکومت خیبرپختونخو اکی طر ف سے چیف ایگزیکٹیو آفیسر ازمک عادل صلاح الدین جبکہ سی آر بی سی چائنا کی طرف سے جنرل منیجر Li Zhihuai نے معاہدے پر دستخط کئے ۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک ، سیکرٹری پی اینڈ ڈی شہاب علی شاہ ، سیکرٹری انڈسٹریز روح اﷲ جان اور دیگر اعلیٰ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے ۔معاہدے کے تحت رشکئی سپیشل اکنامک زون کی ترقی سے صنعتکاروں کی طرف سے تقریباً100 ارب روپے کی سرمایہ کاری جبکہ باالوسطہ اور بلاواسطہ روزگار کے ایک لاکھ مواقع متوقع ہیں ۔ واضح رہے کہ اپریل 2017 ء میں بیجنگ روڈ شو کے دوران مفاہمتی یاداشت پر دستخط کئے گئے تھے جس پر عمل درآمد کے نتیجے میں رشکئی سپیشل اکنامک زون کی ترقی کیلئے مذکورہ معاہدہ عمل میں لایا گیا ۔سی آر بی سی عوامی جمہوریہ چین کی سرکاری کمپنی ہے جو متعلقہ شعبے میں وسیع تجربہ اور استعداد رکھتی ہے ۔اس کا سالانہ ٹرن اوور ہزار ملین ڈالر ہے۔

کمپنی نے پہلے مرحلے میں سپیشل اکنامک زون رشکئی کے ایک ہزار ایکڑ رقبہ کو ترقی دینے اور 225 میگاواٹ سی سی جی ٹی پاور پلانٹ نصب کرنے کی منصوبہ بندی کی ہے ۔سی آر بی سی زون کو چینی سرمایہ کاروں کو مارکیٹ کرے گی تاکہ اس میں چینی کارخانے لگائے جا سکیں۔ رشکئی اسپیشل اکنامک زون میں فارماسوٹیکل ، ٹیکسٹائل، فوڈ ، سٹیل اور انجینئرنگ سے متعلق صنعتوں سمیت مختلف نوعیت کی انڈسٹریز قائم کی جائیں گی ۔رشکئی اسپیشل اکنامک زون کیلئے آن لائن درخواستیں لی جارہی ہیں 200 ایکڑ سے زائد رقبہ کیلئے درخواستیں بد ستور موصول ہو چکی ہیں ۔

وزیراعلیٰ پرویزخٹک نے اس معاہدے کو صوبائی حکومت کی طرف سے صنعتوں اور سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے ایک اور سنگ میل قرار دیا اور کہاکہ اس منصوبے سے صوبے میں خوشحالی آئے گی اور خطے میں روزگار کے وسیع مواقع پید ا ہوں گے ۔اُنہوں نے کہاکہ صوبائی حکومت خیبرپختونخو امیں سرمایہ کاری کیلئے قابل عمل ماحول فراہم کر رہی ہے ۔اس مقصد کیلئے اکنامک زون ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی تشکیل دی گئی ہے جو صوبے بھر میں صنعتوں کے فروغ کیلئے سپیشل اکنامک زونز کو ترقی دینے پر کام کررہی ہے ۔