195

بھارت کی ایل ا و سی پر بلااشتعال فائرنگ اور گولہ باری جاری

سیالکوٹ ۔سیالکوٹ ورکنگ باؤنڈری لائن کے بجوات ، چپراڑ ، ہرپال ، باجرہ گڑھی اور چاروا سیکٹروں پر بھارتی سیکورٹی فورسز کی مسلسل تیسرے روز بھی بلااشتعال فائرنگ اور گولہ باری سے تین سالہ بچہ اور اس کی ماں جاں بحق ہوگئے اورپاک فوج و رینجرز کے دواہلکار سمیت چودہ افراد زخمی ہوگئے جنہیں سی ایم ایچ کینٹ منتقل کردیا گیا ، پنجاب رینجرز نے بھارتی فائرنگ وگولہ باری کا منہ توڑ جواب دیا۔

بھارتی سیکورٹی فورسز کے توپ کاگولہ گاؤں پٹولی میں گھر پر گرنے سے تین سالہ بچہ علی حیدر اور اس کی ماں 27سالہ نجف بتول جاں بحق ہوگئے اور مختلف سیکٹروں پر فائرنگ وگولہ باری کی وجہ سے گاؤں دھول ملانہ میں آرمی اہلکارپچاس سالہ سخاوت ،بجوات سیکٹر پر تعینات رینجرز اہلکار 32سالہ نویدانور ،گاؤں دھول ملانہ کی 36سالہ رخسانہ شمس ،گاؤں پٹولی بجوات کی 27سالہ نجف بتول ،گاؤں دھول ملانہ کی 75سالہ مہران بی بی ،45سالہ مشتاق ،بجوات کی دس سالہ مافیہ ، پنتالیس سالہ زینب نذر حسین اور شمائلہ بی بی ، گاؤں دیاورا کا پنتالیس سالہ غلام سرور ،اورچوبیس سالہ طیبہ غلام علی شدید زخمی ہوگئے ،جنہیں سی ایم ایچ کینٹ سیالکوٹ منتقل کردیا گیا جہاں ان کا علاج معالجہ جاری ہے۔

بھارتی سیکورٹی فورسز کی بلااشتعال فائرنگ وگولہ باری کا پنجاب رینجرز نے منہ توڑ جواب دیا ،بھارتی گولہ باری اور بالااشتعال فائرنگ کی وجہ سے ورکنگ باؤنڈری لائن کے دیہات دھول ملانے ، رس پور،چپراڑ ، عمرانوالی ، ہرپال ، باجڑہ گڑھی ، چاروااور دیگر دیہاتوں سے مکینوں کی خواتین اور بچوں ومویشیوں سمیت محفوظ مقامات پر منتقلی جاری رہی اور بھارتی فائرنگ وگولہ باری کی وجہ سے درجنوں مویشی بھی جاں بحق وزخمی ہوئے اور لوگوں کے گھروں ، مساجد اوردیگر عمارتوں کو نقصانات ہوئے ،اسسٹنٹ کمشنر شاہد عباس کے مطابق انتظامیہ نے ایک سو چالیس دیہاتوں کے مکینوں کو کشیدہ حالات کی وجہ سے محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایات جاری کردی ہیں اور چپراڑ ، ڈالووالی ، بجوات اور راجہ ہرپال میں چار ریلیف کیمپ قائم کردیئے گئے ،جہاں لائیو سٹاک ، محکمہ صحت ،محکمہ مال اوریسکیو 1122 کا عملہ تعینات کردیا گیا ہے جبکہ ریلیف کیمپوں میں شہریوں کیلئے کھانے پینے اور مویشیوں کیلئے چارے کا بندوبست بھی کردیا گیا ہے ،