122

مجھے میری خدمت کا درست صلہ نہیں دیا گیا، نواز شریف

ہری پور: سابق وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ انہیں عوام کے لیے کی گئی ان کی خدمت کا درست صلہ نہیں دیا گیا اور وزارتِ عظمیٰ کے عہدے سے برطرف کر دیا گیا۔

ہری پور میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ نیا پاکستان بنانے والوں نے ہمیشہ منفی طریقے سے گالیوں کی سیاست کی ہے۔

نواز شریف نے کہا کہ صوبہ خیبرپختونخوا میں ’لاڈلے‘ کی حکومت ہے لیکن ہری پور میں ترقیاتی کام اور صوبے میں بجلی کے منصوبے مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے لگائے۔

سابق وزیراعظم نے سوال کیا کہ ان کے سیاسی مخالفین بتائیں کے انہوں نے ملک کے لیے کتنا کام کیا؟

نواز شریف نے کہا کہ آئی جی، چیف سیکریٹری اور اعلیٰ عہدوں پر فائز حکومتی افسران کو جیلوں میں بھیجنے کی دھمکی دینے والے ایک دن خود جیل میں ہوں گے۔

لاہور میں پاکستان عوامی تحریک (پی اے ٹی) کی زیرِ انتظام ہونے والے جلسے کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ لاہور کے عوام نے دھرنے والوں کو ان کی اوقات دکھا دی، نواز شریف کے جلسے میں عوام کا جمِ غفیر ہوتا ہے لیکن مخالفین کے جلسوں میں خالی کرسیوں کا جمِ غفیر ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر نواز شریف نے کرپشن نہیں کی اور ہمیشہ عوام کے پیسے کو عوام کا پیسہ سمجھا تو پاناما پر فیصلہ دینے والوں کو اپنا فیصلے کو بدلنا ہوگا۔

نواز شریف نے کہا کہ پاکستانیوں کو گھر فراہم کرنے کی ذمہ داری وہ خود لیں گے، اور لوگوں کو آسان ماہانا اقساط پر گھر فراہم کرنے کی اسکیم متعارف کرائیں گے جس کی مدد سے عوام آئندہ 10 برس کے اندر اپنے گھر کے مالک بن جائیں گے۔