220

پشاور میں سیاسی جماعتیں گیس لوڈشیڈنگ کیخلاف سڑکوں پر

پشاور۔ پشاور میں سیاسی جماعتیں سوئی گیس لوڈشیڈنگ اور کم پریشر کیخلاف سڑکوں پر نکل آئیں اور سوئی گیس حکام کو خبر دار کیا کہ جلد از جلد پشاور میں گیس کا مسئلہ حل کیا جائے۔ گزشتہ روز عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی سینئر نائب صدر اور رکن قومی اسمبلی الحاج غلام بلور ‘ ہارون بلور ‘ سابق صوبائی وزراء عاقل شاہ اور ہدایت اللہ اور پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماء اور رکن صوبائی اسمبلی ضیاء اللہ آفریدی کی قیادت میں دونوں جماعتوں کے ورکرز سڑکوں پر نکل آئے اس موقع پر مظاہرین نے سوئی گیس حکام کیخلاف شدید نعرے بازی کی ۔

مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ سردی شروع ہوتے ہی گیس کا مسئلہ سر اٹھا لیتا ہے اور سردیوں کے خاتمے تک یہ مسئلہ برقرار رہتا ہے مگر سوئی گیس حکام اس جانب کوئی بھی خاطر خواہ اقدامات نہیں اٹھاتی انہوں نے کہا کہ اب سردی کے بعد گرمی شروع ہوگی جس میں عوام پر بجلی لوڈ شیڈنگ عذاب کی شکل میں مسلط کی جائیگی ان کا کہنا تھا کہ گیس ہمارے صوبے کی پیداوار ہے۔

لیکن افسوس کے اس کے باوجود بھی ہمارے صوبے کے عوام اس نعمت سے محروم ہیں لہٰذا حکومت ہوش کے ناخن لے کر یہ مسئلہ سنجیدگی سے لے اور جتنا جلدی ہو سکے اس کو حل کیا جائے انہوں نے دھمکی دی کہ اگر اس احتجاج کے بعد بھی یہ مسئلہ برقرار رہا تو ایک بار پھر پوری قوت سے اس کے خلاف سڑکوں پر نکل آئیں گے ۔