110

حج سکیم ٗ 5دنوں میں 2لاکھ کے قریب درخواستیں موصول

اسلام آباد۔سرکاری سکیم میں اب تک 1 لاکھ 72 ہزار سے زائد حج درخواستیں وصول ہو چکی ہیں۔ سعودی احکامات کے مطابق 30 شعبان سے پہلے تمام حج انتظامات مکمل کرنا ضروری ہے۔ یہ بات وزارتِ مذہبی امور کے ترجمان نے ایک بیان میں کہی۔ تفصیلات کے مطابق ملک بھر سے 13 نامزد بینکوں کے ذریعے سرکاری حج سکیم کیلئے طلب کی جانے والی حج درخواستیں پہلے پانچ دنوں میں ایک لاکھ 72 ہزار سے زائد ہو وصول چکی ہیں۔ حج2018 کی درخواستوں کی وصولی کا سلسلہ کامیابی سے جاری ہے۔

عوام کی سہولت کیلئے نامزد بینکوں کی مخصوص برانچیں ہفتہ اور اتوار کے دن کھلی رہیں گی۔ حج درخواستیں 24 جنوری تک وصول کی جائیں گی اور 26 جنوری کو قرعہ اندازی کی جائے گی۔قرعہ اندازی کے اگلے روز ناکام درخواست گذاروں کی رقوم کی واپسی کا سلسلہ شروع ہو جائے گا۔ کامیاب ہونے والے عازمینِ حج کی رقوم نامزد بینکوں کے سود سے پاک شریعہ اکانٹس میں رکھی جائیں گی۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ سعودی احکامات کے مطابق 30 شعبان سے پہلے تمام حج انتظامات مکمل کرنا ضروری ہیں۔

اس سال عازمینِ حج اور معاونینِ حج کی مثر تربیت کی جائے گی اور متعدد بار تربیتی پروگرام منعقد کئے جائیں گے۔ عازمینِ حج کیلئے پروازوں ، رہائشوں ، ٹرانسپورٹ اور کھانے کے انتظامات پہلے ہی شروع کئے جا چکے ہیں۔ ترجمان نے واضح کیا کہ بھارت ، انڈونیشیا، ملائشیا سمیت بہت سے ملکوں میں حج درخواستوں کی وصولی مکمل ہو چکی ہے۔ سرکاری حج سکیم میں گذشتہ چند سالوں سے بڑھتی ہوئی عوامی دلچسپی اس کے شفاف ہونے کا واضح ثبوت ہے۔