246

ہندکو کانفرنس میں 100کتابوں کی تقریب رونمائی

پشاور۔گورنرخیبرپختونخوا انجینئراقبال ظفرجھگڑا نے کہاہے کہ علاقائی زبانیں درحقیقت کسی قوم کاانتہائی قیمتی ثقافتی ورثہ، اثاثہ اورشناخت کا اہم وسیلہ ہوتی ہیں اور ان کی بقا ء کیلئے کوششیں عمدہ پیش رفت ہے۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے پشاور میں گندھاراہندکو بورڈ کے زیر اہتمام چھٹی عالمی ہندکو کانفرنس سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔امسال اس کانفرنس کا موضوع ہے،۔ ہند آریائی تے پاکستانی زباناں دی ترقی دے ذریعے قومی یکجہتی دا حصول” ۔کانفرنس میں بڑی تعداد میں ملکی اور بیرون ممالک سے آئے ہوئے ادیب، سکالرز اور کثیرتعداد میں معززین شہر نے شرکت کی۔

چیئرمین گندھارا ہندکو بورڈ اعجاز احمدقریشی ، ڈاکٹر عدنان گل اور ادارے کے سیکرٹری محمد ضیا ء الدین بھی اس مو قع پرموجود تھے۔گورنر نے کانفرنس کے انعقاد کو سراہتے ہو ئے کہاکہ وطن عزیز پاکستان ہرلحاظ سے ایک خوبصورت گلدستے کی مانند ہے۔انہوں نے کہا کہ جغرافیائی نکتہ نظر سے دیکھا جائے،آب وہوا کے لحاظ سے جانچا جائے اوریاپھر زبان وادب کے پیمانے پر پرکھا جائے پاکستان بھر میں بیک وقت کئی ایک ثقافتی وآدبی رنگ دیکھنے اورسمجھنے کوملتے ہیں۔

اس موقع پر مختلف موضوعات پر لکھی تازہ ترین تصانیف کی تقریب رو نما ئی بھی منعقد ہو ئی۔ گورنر نے فیتہ کاٹ کر مختلف ادیبوں اورمحققین کی لکھی گئی100 کتابوں کی رونمائی بھی کی۔قبل ازیں گندھارا ہندکو بورڈ کے چیئرمین نے خطبے استقبالیہ پیش کرتے ہوئے گندھارا ہندکوبورڈ کی خدمات اور کانفرنس کے اغراض ومقاصد پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔