288

مردان میں اوقاف کی 3ہزار کنال زمین واگزار

پشاور ۔ خیبر پختونخوا اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے محکمہ اوقاف ، حج، مذہبی اور اقلیتی امور کا ایک اجلاس ایم پی اے اور کمیٹی کے چےئر مین نور سلیم ملک کی زیرصدارت جمعرات کو اسمبلی سکرٹریٹ پشاور میں منعقد ہوا ۔ اجلاس میں اراکین اسمبلی بخت بیدار خان، اعزازالملک، سیکرٹری اوقاف، ایڈوکیٹ جنرل اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔اجلاس کو بتایا گیا کہ مردان میں واقع محکمہ اوقاف کی 3 ہزار کنال پر مشتمل اراضی جس پر 1995 سے کچھ لوگوں نے ناجائز قبضہ کیا ہوا تھا ۔

اس کو عدالت کے ذریعے سے قابضین سے واہ گزار کر لیا گیا۔ مذکورہ زمین کو لیز پر دیا گیا ہے جس سے صوبائی محاصل میں لاکھوں روپے کا اضافہ ہوگا۔ کمیٹی نے متفقہ طور پر سفارش پیش کی کہ شہباز گڑھی پشاور میں محکمہ اوقاف کی 25 کنال اراضی پر ایک ادارے نے پارک آباد کیا ہواہے جسکو فوری طور پر محکمہ اوقاف کے حوالے کیا جائے بصورت دیگر متعلقہ ادارہ محکمہ اوقاف کو سالانہ اجارہ (لیز) کی رقم باقاعدگی سے دینا شروع کرے۔

قائمہ کمیٹی نے کہاٹ میں بھی محکمہ اوقاف کی 7 کنال زمین پر قبضے کا سختی سے نوٹس لیا اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ مذکورہ اراضی کے قابضین کے خلاف فوری طور پر عدالت سے رجوع کیا جائے۔اجلاس میں مانسہرہ میں واقع محکمہ اوقاف کی زمین اور مردان میں 33 ہزار کنال پر مشتمل وسیع رقبہ کے امور پر تفصیل سے غور و خوض کیا گیا۔