121

امریکی فیصلے کیخلاف صوبہ بھر میں احتجاجی مظاہرے و ریلیاں

پشاور۔امریکہ کی جانب سے بیت المقدس کواسرائیلی دارالحکومت تسلیم کرنے کے خلاف ملک بھرکی طرح پشاورمیں بھی احتجاجی مظاہروں اورریلیوں کاسلسلہ جاری ہے۔جمعہ کے روزبھی شہرکے مختلف علاقوں میں دفاع پاکستان کونسل،جماعت اسلامی،جمعیت علماء اسلام (ف)،جمعیت علماء اسلام (س)،جماعت الدعوۃ،اسلامی جمعیت طلبہ یونیورسٹی کیمپ،تحریک انصاف فاٹا،اہلسنت والجماعت ضلع پشاور،ملی مسلم لیگ،متحدہ شریعت محا،آئی ایس ایف سمیت دیگر مذہبی اورسیاسی جماعتوں کی جانب سے الگ الگ احتجاجی مظاہرے اورریلیاں نکالی گئیں۔اس سلسلے میں دفاع پاکستان کونسل نے صدرفوارہ چوک تاپریس کلب ریلی نکالی جہاں مظاہرین نے امریکی اور اسرائیلی پرچم بھی نذرآتش کئے۔

دفاع پاکستان کونسل پشاور کے رہنما غازی انعام اللہ اوردیگرنے اپنے خطاب میں کہا کہ امریکی اعلان عالم اسلام پر حملہ ہے اس سے پورا مشرق وسطیٰ جنگ کی لپیٹ میں آجائیگا۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل نے بیت المقدس سمیت فلسطین پر زبردستی قبضہ کیا ہوا ہے جس پر اقوام عالم خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے مقبوضہ بیت المقدس مسلمانوں کاقبلہ اول ہے اس کوچھڑانا مسلمانوں پر فرض بھی ہے اور قرض بھی ۔ انہوں نے کہا کہ تمام اسلامی ممالک کو امریکہ و اسرائیل سے اپنے سفارتی تعلقات ختم کردینے چاہیے جبکہ امریکی صدر کے اس اقدام کیخلاف پاکستان کو بھر پور کردار ادا کرنا چاہیے۔ جماعت اسلامی نے بھی امریکی اقدام کے خلاف مسجد مہابت خان سے ریلی نکالی جس کی قیادت امیر جماعت اسلامی خیبرپختونخوا مشتاق احمد خان، امیر جماعت اسلامی پشاور صابرحسین اعوان اور دیگر قائدین نے کی۔

شرکاء نے امریکہ اور اسرائیل کے خلاف نعرے بازی کی۔ریلی سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی ضلع پشاور و سابق ممبر قومی اسمبلی صابرحسین اعوان نے کہا ہے کہ بیت المقدس مسلمانوں کا قبلہ اول ہیں اور مسلمان اس فیصلے کو کسی صورت قبول نہیں کریں گے۔ امریکہ اور اسرائیل نے بیت المقدس کو اپنا دارالخلافہ قرار دے کر مسلمانوں کی غیر ت کو للکارا ہے اور امت مسلمہ کو چیلنج کیا ہے۔ امت مسلمہ کے لاکھوں نوجوان ہر قربانی دینے کے لئے تیار ہیں لیکن بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالخلافہ تسلیم نہیں کریں گے۔ جمعیت علماء اسلام (ف)کی اپیل پر بھی صوبہ بھر کے تمام اضلاع سمیت پشاورمیں نماز جمعہ کے اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے علماء کرام وخطباء نے امریکی صدر کے بیان پر شدید ر د عمل کا اظہار کرتے ہوئے اسے پور ی امت اسلامیہ اور عالم اسلام کی دل آزاری قرار دیا انہوں نے کہا کہ دھشت گردوں کی سرپرستی کرنے والے بین الاقوامی دھشت گرد امریکہ نے مسلمانان عالم کے ساتھ کھلم کھلا اعلان جنگ کردیا ہے۔

اب وقت آگیا ہے کہ عالم عرب اور مسلمان ممالک عملی اقدامات کے زریعے امریکی عزائم خاک میں ملادیں، انہوں نے کہا کہ پاکستانی حکمران اپنا رول ادا کرتے ہوئے سلامتی کونسل بالخصوص اوآئی سی پر زور دے کہ وہ بیت المقدس کے حوالہ سے امریکی عزائم کو روکنے کیلئے اپنا اثر ورسوخ ستعمال کریں۔دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف فاٹاکے زیراہتمام بھی پشاوپریس کلب کے باہراحتجاجی مظاہرہ کیاگیاجس کی قیادت اقبال آفریدی نے کی اس موقع پرمظاہرین نے امریکہ اوراسرائیلی پرچم بھی نذرآتش کیاجبکہ جمعیت علماء اسلام (ف)کی زیراہتمام بھی پشاورپریس کلب کے باہراحتجاجی مظاہرہ کیاگیاجس کی قیادت مولانایوسف شاہ نے کی۔

ادھر،اسلامی جمعیت طلبہ یونیورسٹی کیمپس نے بھی اسلامیہ کالج سے خیبرمیڈیکل کالج تک ریلی،اہلسنت والجماعت ضلع پشاورکے زیراہتمام اندرون یکہ توت گیٹ مسجدخلفاء راشدین،چڑیکوبان سے احتجاجی ریلی نکالی گئی جبکہ متحدہ شریعت محاذسمیت دیگرتنظیموں نے بھی امریکہ کی جانب سے بیت المقدس کواسرائیلی دارالحکومت تسلیم کرنے کے خلاف بھرپوراحتجاج کیااورکہاکہ ٹرمپ نے مسلمانوں کی زخمی دلوں پر نمک پاشی کی ہے،انہوں نے کہاکہ تمام مسلم ممالک سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ امریکی صدر کو دو ٹوک جواب دے کر مسلمانوں کی صیح معنوں میں ترجمانی کریں۔