149

عمران خا ن کا لاہور مال روڈ کے خطاب کا دفاع

اسلام آباد۔پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے خواجہ آصف اور نواز شریف کو اسمبلی کی تباہی کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پارلیمنٹ پر لعنت کیلئے انہوں نے بڑا ہلکا لفظ استعمال کیا ٗجو لفظ کہنا چاہتا تھا وہ اس سے زیادہ سخت تھا ٗ خواجہ آصف ملک کیلئے سکیورٹی رسک ہے ٗ ملک سے باہر شریف خاندان کی 16 کمپنیاں ہیں، جن میں سے ایک ہل میٹل ہے ٗعمران خان نے کہاکہ ہل میٹل 114کروڑ 68 لاکھ روپے نواز شریف کو بھیج چکی تھی ٗنواز شریف نے 80 کروڑ روپے مریم نواز کے نام کردیئے۔

نیب نے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کو طلب کرکے بہت زبردست کام کیا ہے ٗلاہور احتجاج کا مقصد لوگوں کا ہجوم دکھانا نہیں ٗانسانیت کی خاطر تمام سیاسی جماعتوں کا متحد ہونا تھا ۔ جمعرات کو اپنی رہائشگاہ پر پریس کانفرنس کے دوران پارلیمنٹ کے حوالے سے دیئے گئے اپنے حالیہ بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ لعنت کا لفظ میں نے بہت ہلکا استعمال کیا ٗجو لفظ کہنا چاہتا تھا ٗوہ اس سے زیادہ سخت تھا۔

عمران خان نے کہاکہ پارلیمنٹ ایک عمارت کا نام ہے جس کی عزت کو پارلیمنٹیرینز اپنی حرکتوں سے اوپر یا نیچے لے جاتے ہیں پی ٹی آئی چیئرمین نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمنٹ میں چوروں کا مافیا بیٹھ گیا ہے ٗ میں کسی ایسی پارلیمنٹ کی عزت کروں جہاں مجرم بیٹھے ہوئے ہیں ٗیہ کیسی پارلیمنٹ ہے جس میں وزیراعظم نے کھڑے ہو کر جھوٹ بولا ۔عمران خان نے کہاکہ وزیر خارجہ خواجہ آصف نے قومی اسمبلی میں بڑی دھواں دھار تقریر کی ۔

دراصل خواجہ آصف اور نواز شریف جیسے لوگوں نے ہی اسمبلی تباہ کی ہے۔عمران خان نے کہا کہ ملک کا وزیر خارجہ دبئی میں ایک کمپنی میں کام کر رہا ہے جس کی 16 لاکھ روپے تنخواہ ہے اور ان کے بینک اکاؤنٹس سے امریکا پیسے جارہے ہیں جو ان کی بیوی کو ملتے ہیں۔چیئرمین پی ٹی آئی نے خواجہ آصف کو ملک کیلئے سیکیورٹی رسک قرار دیتے ہوئے کہا کہ خواجہ آصف سے بڑا کوئی جھوٹا انسان ہوسکتا ہے؟۔

عمران خان نے وزیر خارجہ خواجہ آصف کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ خود پارلیمنٹ پر ایک دھبہ ہے، اور امریکا میں جاکر ڈونلڈ ٹرمپ کی زبان بولتے رہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارا وزیر خارجہ دبئی میں نوکری کررہا ہے اور ان کے بینک اکاؤنٹ سے پیسہ امریکا جارہا ہے، کیا وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو معلوم نہیں کہ خواجہ آصف بیرونِ ملک نوکری بھی کرتے ہیں۔عمران خان نے سابق وزیراعظم نواز شریف کا حوالہ دیتے ہوئے سوال کیا کہ مجھے یہ بتائیں کہ کون سی ایسی اسمبلی ہے جو ایک 300 ارب چوری کرنے والے شخص کیلئے قانون بناکر اسے پارٹی کا سربراہ بناتی ہے۔

پی ٹی آئی چیئرمین نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ وہ آج مجھے کیوں نکالا کی دوسری قسط پیش کر رہے ہیں۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ 1992 کے بعد شریف خاندان کی دولت میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے انہوں نے شریف برادران پر پنجاب پولیس کے اہلکاروں سے منی لانڈرنگ کروانے کا الزام بھی عائد کردیا۔پی ٹی آئی چیئرمین نے بتایا کہ ملک سے باہر شریف خاندان کی 16 کمپنیاں ہیں، جن میں سے ایک ہل میٹل ہے۔

عمران خان نے کہاکہ ہل میٹل 114کروڑ 68 لاکھ روپے نواز شریف کو بھیج چکی تھی ٗنواز شریف نے 80 کروڑ روپے مریم نواز کے نام کردیئے۔پی ٹی آئی چیئرمین نے بتایا کہ ہمیں نئی چیز پتہ چلی ہے کہ ہل میٹل کمپنی سے تقریباً 4 کروڑ روپے محمد حنیف خان کو جا رہے تھے۔عمران خان نے کہا کہ نواز شریف کے پیسے ٹرانسفر کرنے کی ٹرانزیکشن مل گئی ہے۔ یہ تمام دستاویزات ہم نیب کو دینگے۔

عمران خان نے سابق وزیراعظم نواز شریف کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ دنیا کے کسی مہذب معاشرے میں اگر کوئی اس طرح سے پکڑا جائے تو وہ جیل میں ہو لیکن یہ یہاں کیوں نکالا ٗکیوں نکالا کر رہے ہیں۔ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ لاہور احتجاج کا مقصد لوگوں کا ہجوم دکھانا نہیں تھا بلکہ احتجاج کا مقصد انسانیت کی خاطر تمام سیاسی جماعتوں کا متحد ہونا تھا۔عمران خان نے قومی احتساب بیورو (نیب) کو بھی سراہا اور کہا کہ نیب نے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کو طلب کرکے بہت زبردست کام کیا ہے انہوں نے کہاکہ چیئر مین نیب قوم آپ کے ساتھ کھڑی ہے ۔