182

’پارلیمنٹ کو گالی دینے کا حق کسی کو حاصل نہیں‘

اسلام آباد: لاہور کے مال روڈ پر اپوزیشن جماعتوں کے احتجاجی جلسے میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سربراہ عمران خان کی جانب سے پارلیمنٹ کے لیے ‘لعنت’ کا لفظ استعمال کرنے اور عوامی مسلم لیگ شیخ رشید کی جانب سے پارلیمنٹ کو تنقید کا نشانہ بنائے جانے کے خلاف قومی اسمبلی نے عمران خان اور شیخ رشید کے خلاف قرارداد مذمت منظور کرلی۔

وفاقی وزیر تعلیم و تربیت انجینئر محمد بلیغ الرحمان نے قومی اسمبلی میں قرار داد مذمت پیش کی تھی۔

قرارد ادا میں موقف اختیار کیا گیا کہ ‘پارلیمنٹ کے لیے یہ الفاظ ادا کرکے پارلیمنٹ اور قوم کی توہین کی گئی جبکہ ملک کی ترقی کا واحد راستہ جمہوریت ہے’۔

مسلم لیگ (ن) کی جانب سے پیش کی گئی قرار داد کی جمیعت علماء اسلام (ف)، عوامی پارٹی، پیپلز پارٹی اور متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) نے بھرپورحمایت کی۔

اس سے قبل قومی اسمبلی کے اجلاس میں خواجہ محمد آصف، خورشید شاہ اور دیگر نے مال روڈ جلسے میں پارلیمنٹ کے لیے ادا کیے گئے جملوں پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔

پارلیمنٹ کو گالی دینے کا حق کسی کو حاصل نہیں، خواجہ محمد آصف

مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور وزیرخارجہ خواجہ محمد آصف نے کہا تھا کہ پارلیمنٹ کو گالی دینے کا حق کسی کو نہیں، اگر پارلیمنٹ میں بیٹھے لوگوں نے ہی گالیاں دیں تو دوسرے ادارے بھی ایوان کی عزت نہیں کریں گے۔

خواجہ آصف نے قومی اسمبلی میں متحدہ اپوزیشن جماعتوں پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف نے استعفے دیئے اور شاہ محمود قریشی نے کارروائی نہ کرنے کی درخواست کی تھی۔