350

سستے گھروں کی تعمیر ٗچینی کمپنی کیساتھ معاملات طے

پشاور۔خیبر پختونخوا حکومت نے زمونگ خپل کور منصوبہ کے تحت سستے گھروں کی تعمیر کے منصوبہ کو حتمی شکل دے دی ہے چینی کمپنی کے ساتھ معاملات طے ہوگئے ہیں حتمی منظوری اگلے ماہ دی جائے گی اس سلسلہ میں گذشتہ روز صوبائی مشیر برائے ہاؤسنگ ڈاکٹر امجدعلی کی صدارت میں ایک اہم اجلاس ہو ا جس کے دوران چینی کمپنی نے تفصیل سے گھروں کی تیاری کے حوالہ سے بریفنگ دی۔

جدیدچینی ٹیکنالوجی کی مد دسے پانچ مرلے کاگھر صرف ایک ہفتہ میں تیار ہوسکے گا صوبائی حکومت نے فیصلہ کیاکہ جلوزئی ،ملازئی ،ڈھیری زرداد ،جرماکوہاٹ ،سوات اور حویلیاں میں پہلے مرحلہ میں پانچ پانچ مرلے کے گھرتعمیرکروا کر مالکان کے حوالہ کرے گی اس سلسلہ میں متعلقہ بینک چینی کمپنی کو ادائیگی کریں گے کمپنی مکانات تیارکرکے صوبائی حکومت کے حوالہ کرے گی جبکہ صوبائی حکومت مکانات کی چابیاں مالکان کو حوالہ کرکے ان کو اقساط میں مکانات کی قیمت کی ادائیگی کاپابندبنائے گی ۔

اس سلسلے میں رابطہ پر صوبائی مشیر ہاؤسنگ ڈاکٹر امجدعلی نے روزنامہ آج کوبتایاکہ صوبائی حکومت نے ہاؤسنگ کے شعبہ میں انقلابی اقدامات کیے ہیں جن کی مددسے صوبہ میں مکانات کی قلت پرقابو پانے میں مددمل سکے گی انہوں نے کہاکہ جلدہی پشاور ماڈل ٹاؤ ن اور سی پیک سٹی کے زمین کے حصول کامرحلہ مکمل کرلیاجائے گا جس کے ساتھ ہی دونوں بڑے منصوبوں پر کام کی رفتار مزید تیز ہوجائے گی