229

پاک افغان سرحد کے قریب ڈرون حملے، 2 دہشتگرد ہلاک، ایک زخمی

پاراچنار: کرم ایجنسی میں پاک افغان سرحد کے قریب 2 امریکی ڈرون حملوں میں 2 شدت پسند ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا۔

ذرائع کے مطابق پہلا ڈرون حملہ لوئر کرم ایجنسی کے علاقے بادشاہ کوٹ میں پاک افغان سرحد کے قریب ہوا، جہاں امریکی جاسوس طیارے سے داغہ گیا میزائل ایک گھر کے قریب گرا، جس کے نتیجے میں ایک شخص زخمی ہوگیا۔

عینی شاہدین کے مطابق زخمی شخص کی شناخت خالد کے نام سے ہوئی جو افغان شدت پسند بتایا جاتا ہے۔

ذرائع کے مطابق دوسرا ڈرون حملہ لوئر کرم ایجنسی سے ملحقہ افغان صوبے خوست کے سرحدی علاقے خانی کلے میں ہوا، جہاں شدت پسندوں کے ٹھکانے کے قریب داغے گئے میزائل سے 2 افغان شدت پسند مارے گئے۔

عینی شاہدین کا کہنا تھا کہ آج صبح سے ہی افغان سرحد کے قریب علاقوں پر جاسوس طیاروں کی پروازیں جاری تھیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ ماہ 26 دسمبر کو بھی کرم ایجنسی میں پاک افغان سرحد پر ڈرون حملہ کیا گیا تھا، جس میں کمانڈر سمیت دو افراد ہلاک جبکہ گاڑی مکمل طور پر تباہ ہوگئی تھی۔