239

ڈبلیو ایس ایس پی کا اتوار کے روز صفائی مہم کا آغاز

پشاور۔ واٹر اینڈ سینی ٹیشن سروسز پشاور نے صفائی وآگاہی مہم، دوسری شفٹ اور اتوار کے روز صفائی کا باضابطہ آغاز کر دیا، ڈبلیو ایس ایس پی بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین حاجی شوکت علی اور چیف ایگزیکٹو آفیسر انجینئر خان زیب نے مہم کا افتتاح کیا اس موقع پر منتخب عوامی نمائندوں کے علاوہ جنرل منیجر آپریشنز انجینئر علی خان، زونل منیجر زون بی انجینئر تراب شاہ، چیف میونسپل انسپکٹر ریاض خان اور میونسپل انسپکٹر عابد سہیل بھی موجود تھے۔ مہم کے دوران روزانہ معمول کی صفائی کے علاوہ ہر یونین کونسل میں ایک ایک علاقے کی مکمل صفائی جبکہ رات کے وقت بڑی سڑکوں کی دھلائی کی جائے گی ۔

لوگوں میں آگاہی کے لئے پمفلٹس بھی تقسیم کئے جائیں گے۔ چیئرمین حاجی شوکت علی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پشاور کو ایک بار پھر پھولوں کا شہر بنایا جائے گا اس مقصد کے لئے منتخب نمائندوں اور عوام کو ساتھ ملا کر اقدامات کا آغاز کر دیا گیا ہے اتوار کے روز بھی شہر میں صفائی کی جائے گی عوامی ضرورت کے پیش نظر دوسری شفٹ بھی شروع کر دی ہے۔ انہوں نے ملازمین کی کارکردگی بہتر بنانے اور موثر رابطے کے لئے عنقریب وائرلیس نظام کام شروع کر دے گا عوامی مسائل کے حل کے لئے 24 گھنٹے شکایات سیل کام کر رہا ہے۔