228

سرکاری سکول کے پوزیشن ہولڈر طلباء میں انعامات کی تقسیم

پشاور۔ضلعی حکومت کی جانب سے گورنمنٹ شہید حمزہ کامران ( تمغہ شجاعت) ہائی سکول اخون آباد میں طلباء میں مفت یونیفارم جبکہ پوزیشن ہولڈر طلباء میں انعامات تقسیم کئے گئے اس موقع پر سکول میں باقاعدہ ایک پروقار تقریب کا انعقادکیا گیا تھاجس میں ضلع ناظم پشاورمحمدعاصم خان نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔

اس موقع پر ڈسٹرکٹ ممبرز ندیم اتمان خیل‘ حاجی ہدایت اللہ‘ سرتاج خان ‘ لیاقت خان جبکہ آرمی پبلک سکول میں شہید ہونے والے علاقہ کے طالبعلم حمزہ کامران کے والد حاجی کامران نے خصوصی شرکت کی ‘تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ضلع ناظم پشاورمحمدعاصم خان نے کہاکہ تحریک انصاف کی حکومت نے تعلیمی ایمرجنسی کے نعرے کو عملی جامہ پہناتے ہوئے 4 سال میں تعلیم کیلئے ریکارڈ فنڈز مختص کیا جبکہ 50 ہزار اساتذہ میرٹ پر بھرتی کرکے اساتذہ کی کمی کو پورا کیا

انہوں نے کہاکہ پاکستان تحریک انصاف کی ضلعی حکومت کے قیام کے فورا بعد منتخب بلدیاتی نمائندوں کے ذریعے یونین کونسل کی سطح پر تعلیمی ایمرجنسی نافذ کی اور منتخب بلدیاتی نمائندوں کے ذریعے تعلیمی ایمرجنسی پر عملاً کام ہورہا ہے۔