277

گاڑیوں کے پرمٹس کی آن لائن تصدیق کیلئے ایپ متعارف

پشاور۔محکمہ ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ خیبر پختونخوا نے ایک اور سنگ میل عبور کرتے ہوئے صوبے میں چلنے والی کمرشل گاڑیوں کے روٹ پرمٹس اور فٹنس کی آن لائن تصدیق کیلئے ’’ ٹرانز ایپ (TRANS AAP )‘‘ کے نام سے ایپلیکیشن متعارف کر دی ہے۔اس سلسلے میں وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی برائے ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ ملک شاہ محمد وزیر نے منگل کے روز باقاعدہ طور پر ٹرانز ایپ ایپلیکیشن کا افتتاح کیا ۔

سیکرٹری محکمہ ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ کامران رحمان ، ڈائریکٹر ٹرانسپورٹ شریف حسین ، سیکرٹری پراونشل ٹرانسپورٹ اتھارٹی خالد خان ، ایم آئی ایس منیجر عمران خان کے علاوہ محکمہ ٹرانسپورٹ کے دیگر متعلقہ افسران بھی افتتاحی تقریب میں موجود تھے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت کی اصلاحاتی پالیسیوں کی بدولت محکمہ ٹرانسپورٹ کو جدید خطوط پر استوار کر کے اس کی کارکردگی اور استعداد میں خاطر خواہ اضافہ کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے ٹرانز ایپ ایپلیکیشن کے اجراء کے حوالے سے کہا کہ اس ایپیلیکیشن کی مدد سے جہاں کمرشل گاڑیوں کے روٹ پرمٹس اور فٹنس کی موقع پر تصدیق سے جعلی روٹ پرمٹس کا خاتمہ ممکن ہو گا وہاں صوبائی محاصل میں بھی کافی اضافہ ہو گا۔ملک شاہ محمد نے کہا کہ ٹرانز ایپ ایپلیکیشن کی بدولت روٹ پرمٹس کے اجراء میں شفافیت آئے گی اور محکمہ ٹرانسپورٹ کو کمرشل گاڑیوں کے روٹ پرمٹس اور فٹنس کا مکمل ریکارڈ بھی دستیاب ہو گا۔