94

عمران خان کا آج دورہ باجوڑ شیڈول

اسلام آباد۔ وزیر اعظم عمران خان آج (جمعہ کو) ضلع باجوڑ کا دورہ اور قبائلی عوام سے خطاب کریں گے۔وزیر اعظم کے معاون خصوصی افتخار درانی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کہا کہ حکومت اپنے قبائلی بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے اور اسی سلسلے میں وزیر اعظم جمعہ کو باجوڑ ایجنسی کا دورہ کر رہے ہیں جہاں وہ قبائلی عوام سے خطاب اور اہم اعلانات کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف اپنے جلسوں کا آغاز قبائلی علاقے سے کر رہی ہے اور یہ عمران خان کی دلی خواہش تھی۔ قبائلی عوام عمران خان کے دل سے انتہائی قریب ہیں۔افتخار درانی نے قبائلی عوام سے اپیل کی کہ وہ جمعہ کو کرکٹ گراؤنڈ باجوڑ پہنچیں اور عمران خان کا خطاب خود سنیں کیونکہ وہ قبائلی علاقے کے لیے پیکجز کا اعلان کریں گے۔گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان اور وزیر اعلیٰ محمود خان بھی وزیر اعظم کے ہمراہ ہوں گے جب کہ وفاقی، صوبائی وزرا اور ارکان اسمبلی بھی جلسے میں شرکت کریں گے۔