پاکستانی شوبز انڈسٹری کی سینئر اداکارہ عتیقہ اوڈھو نے انکشاف کیا ہے کہ ان کی تیسری شادی کے فیصلے میں ان کے بیٹے کا بڑا کردار رہا، جبکہ ان کی والدہ اس کے بالکل مخالف تھیں۔
عتیقہ اوڈھو نے نجی ٹی وی کی ڈرامہ سیریل ’کفیل‘ کے کردار ’سبک‘ کے حوالے سے بتایا کہ انہیں اس کردار میں اپنے بیٹے کی جھلک نظر آئی۔ اداکارہ کے مطابق جب ان کی دوسری شادی ناکام ہو چکی تھی، تو ان کا بیٹا بلال ان کے پاس آیا اور کہا کہ انہیں ثمر علی خان سے شادی کر لینی چاہیے۔
اداکارہ نے بتایا کہ ان کی والدہ تیسری شادی کے سخت خلاف تھیں اور اسے معاشرتی طور پر ناقابل قبول عمل سمجھتی تھیں، لیکن بلال نے کہا کہ ’’امی، آپ کئی سال سے اکیلی ہیں، ثمر علی خان آپ سے محبت کرتا ہے اور آپ کا خیال رکھتا ہے، بس شادی کر لیں، میں سب دیکھ لوں گا۔‘‘
عتیقہ اوڈھو نے کہا کہ بیٹے کے مشورے پر انہوں نے شادی کرنے کا فیصلہ کیا، حالانکہ ان کی بیٹیاں اس فیصلے کے خلاف تھیں۔
واضح رہے کہ عتیقہ اوڈھو کی پہلی شادی 15 سال کی عمر میں ہوئی جو 10 سال تک چلی، جبکہ دوسری شادی بھی کامیاب نہ ہو سکی۔ انہوں نے اپنی تیسری شادی جون 2012ء میں ڈاکٹر ثمر علی خان سے کی، جو 2013ء سے 2018ء تک رکنِ سندھ اسمبلی رہ چکے ہیں۔









