199

بلوچستان اسمبلی کے قریب دھماکا، 4 پولیس اہلکار شہید

کوئٹہ: بلوچستان اسمبلی کے قریب زرغون روڈ پر دھماکے کے نتیجے میں چار پولیس اہلکار شہید جب کہ 17 افراد زخمی ہوگئے ۔

 دھماکا اسمبلی کی عمارت سے تقریباً 300 میٹر کے فاصلے پر ہوا جس میں ایک پولیس ٹرک کو نشانہ بنایا گیا جب کہ اس سے قریب موجود ایک مسافر بس میں متاثر ہوئی۔

ڈپٹی کمشنر کوئٹہ فرخ عتیق نے تصدیق کی ہے کہ دھماکے میں پولیس کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

ابتدائی تحقیقات کے مطابق دھماکا خودکش تھا جس کے دوران موٹر سائیکل سوار حملہ آور نے اپنی موٹر موٹر سائیکل پولیس ٹرک سے ٹکرا دی۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق دھماکے میں زخمی ہونے والوں کو مقامی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

دھماکے کی جگہ کو پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے گھیرے میں لے لیا جب کہ صوبائی اسمبلی اور اطراف کے علاقوں میں سیکیورٹی سخت کر دی گئی ہے۔

بلوچستان اسمبلی میں آج سابق وزیراعلیٰ ثناء اللہ زہری کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کیے جانے کے حوالے سے اہم ترین اجلاس ہونا تھا۔

تاہم صوبائی اسمبلی کے اجلاس سے قبل ہی نواب ثناء اللہ زہری نے وزارت اعلیٰ کے منصب سے استعفیٰ دے دیا تھا جس کے بعد اسپیکر بلوچستان اسمبلی نے اجلاس کو غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دیا تھا۔