417

بل گیٹس کا دنیا بدل دینے والا منصوبہ تیار

بیجنگ۔مائیکرو سوفٹ کے بانی اور بے تاج بادشاہ بل گیٹس نے دنیا کو بدل کر رکھ دینے والا منصوبہ پیش کر دیا، بل گیٹس نے چین میں ٹوائلٹ ایکسپو میں نیا ٹوائلٹ سسٹم متعارف کرا دیا، سسٹم کیلئے پانی یا نکاسی آب کی ضرورت نہیں، کیمیکلز فضلے کو کھاد میں تبدیل کیا کریں گے، یہ عمل ماحولیاتی آلودگی کو بھی کم کرنے میں مددگار ثابت ہو گا۔ 

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس دنیا میں ٹوائلٹس کی کمی کو بہت بڑا مسئلہ سمجھتے ہیں اور اب انہوں نے اس کا حل بھی پیش کردیا ہے۔چین میں ٹوائلٹ ایکسپو کے دوران انہوں نے ایک نیا ٹوائلٹ سسٹم متعارف کرایا جس کے لیے پانی یا نکاسی آب کے نظام کی ضرورت نہیں ، بلکہ ایسے کیمیکلز استعمال ہوتے ہیں جو کہ انسانی فضلے کو کھاد میں تبدیل کردیتے ہیں۔

منگل کو بیجنگ میں ایکسپو سے خطاب کرتے ہوئے بل گیٹس نے کہا 'ہم یہاں سب ایک ہی وجہ سے موجود ہیں، کیونکہ دنیا کی آدھی سے زیادہ آبادی محفوظ نکاسی آب کی سہولت سے محروم ہے جو کہ صحت مند اور اچھی زندگی کے لیے ضروری ہے'۔پیر کو بل گیٹس نے ایک ویڈیو ٹوئیٹ کی جس میں انہوں نے اپنا اور اپنی فانڈیشن کا دنیا بھر میں نکاسی آب کی صورتحال بہتر بنانے کے مشن کی وضاحت کی۔

محفوظ نکاسی آب کی اہمیت کو ظاہر کرنے کے لیے بل گیٹس گزشتہ روز ایکسپو کے دوران ایک جار لے کر آئے جس میں انسانی فضلہ بھرا ہوا تھا۔انہوں نے کہا 'آپ اندازہ لگا سکتے ہیں کہ اس جار میں کیا ہے اور آپ ٹھیک سوچ رہے ہیں یہ انسانی فضلہ ہے، فضلے کی اتنی معمولی مقدار میں 200 ٹریلین روٹا وائرس، 20 ارب شیگیلا بیکٹریا اور ایک لاکھ پیراسیٹک وارم انڈے ہیں۔

بل اینڈ ملینڈا گیٹس فانڈیشن کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق نکاسی آب کے ناقص نظام کے نتیجے میں ہر سال دنیا بھر میں 5 سال سے کم عمر لگ بھگ 5 لاکھ بچے ہلاک ہوجاتے ہیں جبکہ طبی اور دیگر اخراجات کی مد میں 223 ارب ڈالرز خرچ ہوتے ہیں۔انسانی فضلے کی نکاسی نہ ہونے کے نتیجے میں ارگرد کے ماحول پر بھی منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

بل گیٹس نے چین میں اپنے خطاب کے دوران کہا 'انسانی فضلے کی نکاسی نہ ہو تو وہ زیرزمین پینے کے پانی کو آلودہ کردیتا ہے، ہم نے اس مقصد کے حصول سے بہت دور ہیں جو کہ دنیا نے 2015 میں طے کیا تھا کہ ہر ایک کو محفوظ ٹوائلٹ کی سہولت دستیاب ہوگی'۔