54

انڈونیشیا تباہ طیارے کا بلیک باکس مل گیا

جکارتہ۔ حادثے کا شکار ہونے والے انڈونیشین مسافر طیارے کا بلیک باکس 3روز کی مسلسل تلاش کے بعد مل گیا،لائن ایئرلائن کا طیارہ جکارتہ ایئرپورٹ سے پرواز بھرنے کے کچھ ہی دیر بعد سمندر میں گر کر تباہ ہوگیا تھا جس میں سوار تمام 189 مسافر ہلاک ہوئے۔خبر رساں ادارے کے مطابق حادثے کے بعد طیارے کے بلیک باکس کی تلاش کیلئے غوطہ خوروں کا زیر سمندر آپریشن 3روز تک جاری رہا اور غوطہ خوروں نے سمندر کی تہہ میں جاکر طیارے کا بلیک باکس تلاش کرلیا جس سے نئے طیارے کو پیش آئے حادثے کی وجوہات جاننے میں مدد ملے گی۔

اس ضمن میں ترجمان سرچ اینڈ ریسکیو ایجنسی یوسف لطیف کا کہنا تھا کہ بلیک بلاکس تلاش کرلیا گیا ،جس کے بعد اسے حادثے سے متعلق معلومات حاصل کرنے کیلئے منتقل کردیا گیا ہے۔لائن ایئرلائن کا طیارہ بوئنگ 737 میکس 8 جیٹ جکارتہ ایئررپورٹ سے پرواز بھرنے کے فوری بعد ہی سمندر میں گر گیا تھا جسے بھارتی پائلٹ چلا رہے تھے۔

واضح رہے کہ انڈونیشین ایوی ایشن کی تاریخ کا یہ سب سے بڑا سانحہ ہے جس میں 189 مسافر ہلاک ہوئے، لائن ایئر کا طیارہ بوئنگ 737 بالکل نیا طیارہ تھا اور اس نے 15 اگست کو ہی اپنی پہلی پرواز کے لیے اڑان بھری تھی۔