237

انڈونیشیا میں مسافر طیارہ سمندر میں گر کر تباہ، 189 مسافر ہلاک

جکارتہ: سمندر میں گر کر تباہ ہونے والے انڈونیشیا کے نجی طیارے کے 189 مسافروں کے ہلاک ہوجانے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے جب کہ اب تک صرف 6 مسافروں کی باقیات نکالی جا سکی ہیں۔

غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتہ سے جزیرہ سماٹرا جانے والے نجی ایئرلائن ’لون ایئر‘ کا مسافر طیارہ بوئنگ 737 اڑان بھرنے کے کچھ ہی دیر بعد سمندر میں جاگرا، جہاز میں 189 افراد سوار تھے اور تمام مسافروں کی ہلاکت کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

ریسکیو اداروں کو امدادی کاموں میں مشکلات کا سامنا ہے، 6 مسافروں کی باقیات کو سمندر سے نکال لیا گیا ہے اور ریسکیو حکام کسی بھی مسافر کے زندہ مل جانے سے ناامید ہوگئے ہیں۔ امدادی کام تاحال جاری ہے۔

واضح رہے کہ جکارتہ ایئرپورٹ سے اڑان بھرنے کے 13 منٹ بعد ہی رابطہ منقطع ہونے سے چند سیکنڈ پہلے ہی پائلٹ نے واپس آنے کی درخواست کی تھی جس کی ٹریفک کنٹرول نے اجازت دے دی تھی تاہم چند ہی سیکنڈ بعد پائلٹ سے رابطہ دوبارہ منقطع ہو گیا تھا۔