83

عمران خان کے دورہ سے تعلقات مزید بہتر ہونگے ،چینی وزارت خارجہ

بیجنگ۔چینی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستانی وزیراعظم عمران خان کے آئندہ ماہ دورہ چین سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات نئی بلندیوں تک پہنچ جائیں گے،چینی حکومت پاکستان کے ساتھ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتی ہے،چین نے پاکستانی وزیراعظم کو نومبر کے آغاز میں دورہ چین اور چین کی بین الاقوامی درآمدی نمائش میں شرکت کی دعوت دی ہے۔ان خیالات کا اظہار چینی وزارت خارجہ کی ترجمان ہواچھن ینگ نے اپنی نیو بریفنگ کے دوران کیا۔ترجمان نے کہا کہ پاکستان اور چین سدا بہار دوست ہیں اور دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کی سطح ہمیشہ بلند رہی ہے۔وزیراعظم منتخب ہونے کے بعد عمران خان نے چین کے ساتھ تعلقات جاری رکھنے کا اظہارکرتے ہوئے کہا تھا کہ چین پاکستان کی خارجہ پالیسی میں سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔

اور وہ سی پیک کی تعمیر کو آگے بڑھانے میں پرعزم ہے۔ چین پاکستانی وزیراعظم کے ان خیالات کو زبردست سراہاتا ہے۔پاکستان میں نئی حکومت کے قیام کے بعد چین کے وزیر خارجہ وانگ ای نے پاکستان کا دورہ کیا۔اور چین پاکستان تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون پر دونوں ممالک کے درمیان وسیع اتفاق رائے طے پایا۔ ترجمان نے مزید کہا کہ ہم چین پاکستان تعلقات کو اچھی ہمسائیگی ، دوستی کی مثال بنانا چاہتے ہیں اور خطے میں امن و استحکام کی بنیاد اور بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے کی تکمیل کیلئے پاکستان کے ساتھ کام کرنا چاہتے ہیں۔ایک سوال کے جواب میں ترجمان نے کہا کہ پاکستان کو قرض کی ادائیگی میں مشکلات کا سامنا ہے۔چین اس بات کو سمجھتابھی ہے اور اس نے اس سلسلے میں مثبت اقدام کرنے کے لیے پاکستان کی مدد بھی کی ہم نے اپنی بہترین اہلیت کے مطابق پاکستان مدد فراہم کی ہے ۔ہمیں یقین ہے کہ پاکستانی حکومت ان عارضی مشکلات پر قابو پانے اور وہ ملک میں پائیدار اور صحت مندانہ اقتصادی ترقی برقرار رکھنے کی اہلیت رکھتی ہے۔

قبل ازیں پاکستان میں چین کے سفیر یاؤجنگ نے اسلام آبادمیں گزشتہ روز کہا ہے کہ چینی حکومت نومبر کے پہلے ہفتے میں پاکستانی وزیراعظم سے ملاقات کی منتظر ہے۔یہ دورہ بڑی اہمیت رکھتا ہے اور چینی حکومت پاکستان کو ہم ممکن مدد دینے کے لیے تیار ہے تاکہ وہ اپنے موجودہ اقتصادی چیلنجز سے کامیابی کے ساتھ نمٹ سکے۔چینی سفیر نے یقین کا اظہار کیا۔کہ چین پاکستان میں سرمایہ کاری کرنا اور پاکستان سے خریداری کرنے کا خواہشمند ہے۔ ہم پاکستان کی سماجی اقتصادی ترقی اور پاکستان کے عوام کی فلاح وبہود کے لیے پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ کیونکہ سی پیک پاکستان کے استحکام اور خوشحالی کے لیے ایک بڑا قدم ہے۔