واشنگٹن۔ ڈو مور کے مطالبے کے ساتھ امریکا نے پاکستان پر واضح کر دیا ہے کہ واشنگٹن کی جنوبی ایشیا سے متعلق پالیسی تبدیل نہیں ہوئی۔امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پاکستانی قیادت سے ان کی چند ہفتے پہلے ملاقات ہوئی جس میں انہوں نے یہ واضح کر دیا کہ امریکا کی جنوبی ایشیا پالیسی تبدیل نہیں ہوئی۔
امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ امید ہے پاکستان کو جو ہدف دیا گیا ہے وہ اسے پورا کرے گا اور دہشت گردوں کو محفوظ پناہ گاہیں نہیں دے گا۔ان کا مزید کہنا ہے کہ جنوبی سرحد پر دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہیں ختم نہ کی گئیں تو خمیازہ بھگتنا پڑے گا۔ گزشتہ ہفتے امریکی دفتر خارجہ کے قائمقام ڈپٹی اسسٹنٹ سیکریٹری برائے پاکستان ہنری انشر نے بھی کہا تھا کہ عمران خان کی حکومت کے پاس دو طرفہ تعلقات کو بہتر کرنے کے مواقع موجود ہیں۔
تاہم اس کے لیے اسلام آباد کو افغانستان کے حوالے سے اپنی پرانی پالیسی ترک کرنا ہو گی۔ان کا کہنا تھا حقیقت میں ہم نے پاکستان کی جانب سے کچھ اقدامات ہوتے ہوئے دیکھے ہیں تاہم فیصلہ کن اقدامات نہیں دیکھے کہ دہشت گرد پاکستانی زمین استعمال نہیں کر سکیں گے۔ ہنری انشر کا مزید کہنا تھا کہ افغان پالسی بدلنے تک پاکستان پر دباؤ قائم رکھا جائے گا۔