کابل۔ افغانستان میں پارلیمانی انتخابات کے لیے ووٹنگ کا باقاعدہ طور پر آغاز ہوگیا ہے ، تمام پولنگ اسٹیشنز پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں،انہتائی حساس قرار دیئے گئے پولنگ اسٹیشنز پر فوج تعینات کی گئی ہے۔خبر رساں ادارے کے مطابق افغانستان میں سخت سیکورٹی میں پارلیمانی انتخابات کیلئے ووٹنگ کا باقاعدہ آغاز ہو گیا ہے۔
پولنگ مقامی وقت کے مطابق ہفتے کے روز صبح 7بجے شروع ہوئی جو شام 4بجے تک جاری رہے گی۔ افغان آزاد انتخابی کمیشن کے مطابق ولسی جرگہ یا ایوان زریں کی 250 نشستوں کیلئے تقریباً 2565 امیدوار میدان میں ہیں ،جن میں 417 خواتین امیدوار شامل ہیں۔ الیکشن کمیشن کے مطابق 89 لاکھ 18ہزار ووٹرز رجسٹرڈ ہیں، افغانستان میں انتخابی مہم کے دوران ہونے والے دہشت گرد حملوں میں اب تک درجنوں افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
صوبائی گورنر، پولیس چیف اور انٹیلی جنس سربراہ کی ہلاکت کے بعد قندھار میں ہونے والے پارلیمانی الیکشن ایک ہفتے تک موخر کردئیے گئے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق افغان نیشنل سکیورٹی کونسل نے صوبہ قندھار میں الیکشن ملتوی کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ قندھار میں اب الیکشن آئندہ ہفتے ہوں گے جبکہ ملک کے بقیہ حصوں میں انتخابات طے شدہ شیڈول کے تحت ہوں گے۔