188

دہشتگردی خاتمہ کے لئے دنیا پاکستان کا شکریہ ادا کرے، میجر جنرل آصف غور

لندن۔ ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ دہشتگردی کے خاتمے کے لئے قربانیوں پر دنیا پاکستان کا شکریہ ادا کرے، القاعدہ کو پاکستان کی مدد کے بغیر شکست نہیں دی جا سکتی تھی، دہشتگردی کے خلاف جنگ میں سب سے بڑی قربانی پاک فوج نے دی، عالمی مشن میں 250جوانوں کی شہادت اور 80ہزار پاکستانیوں نے جانیں دے کر دہشتگردی کا خاتمہ کیا جبکہ مغربی دنیا کے1.3کھرب ڈالر افغانستان میں خرچ کرنے کے باوجود 70فیصد علاقہ زیر قبضہ ہے۔

پاکستان اور افغانستان کا امن ایک دوسرے سے مشروط ہے، افغانستان صورتحال پر مغربی سرحد پر فوج ہروقت الرٹ رہتی ہے جبکہ مسئلہ کشمیر موجودہ تنازعات میں سب سے بڑا مسئلہ ہے، تفصیلات کے مطابق منگل کے روز لندن کی وارک شائر یونیورسٹی میں خطاب کرتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ دنیا میں کہیں بھی دہشتگردی کے واقعات کا ذمہ دار پاکستان نہیں تاہم سیکیورٹی کیلئے جو بھی ضروری ہو گا وہ قدم اٹھائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے بغیر خطے اور دنیا میں امن قائم نہیں ہو سکتا جبکہ دونوں ممالک کا امن ایک دوسرے سے مشروط ہے، انہوں نے کہا کہ ملالہ پر حملہ خواتین کی تعلیم کے مخالف دہشتگردوں نے کیا اس وقت پاکستان میں کہیں بھی دہشتگردوں کی محفوظ پناہ گاہیں نہیں ہیں، افغان سرحد پر دہشتگردی سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور فوج مغربی سرحد پر ہروقت الرٹ رہتی ہے۔

میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ اس وقت موجودہ تنازعات میں مسئلہ کشمیر سب سے بڑا مسئلہ ہے، جبکہ افغان مہاجرین کی بڑی تعداد پاکستان میں مقیم ہے جن کی نقل وحرکت پر کوئی پابندی نہیں ہے، ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ مغربی دنیا نے افغانستان پر 1.3کھرب ڈالر خرچ ک ڈالے جس کے باوجود ابھی تک 70فیصد علاقے پر طالبان کا قبضہ ہے ہماری خواہش ہے کہ افغانستان میں مکمل امن تک امریکہ افغانستان میں موجود ہے۔