91

پاکستان سے متصل سرحد پرتعینات ایران کے 14 سیکیورٹی اہلکار اغوا

تہران: پاکستان کی سرحد پر تعینات ایرانی فورسزکے 14 اہلکاروں کو اغوا کرلیا ہے۔

بین الاقوامی خبرایجنسی رائٹرز کے مطابق پاکستان سے متصل ایران کے صوبہ سیستان بلوچستان کے سرحدی علاقے میرجاوہ میں تعینات 14 سیکیورٹی اہلکاروں کواغوا کرلیا گیا ہے۔ یرغمال بنائے گئے اہلکاروں میں سے 5 کا تعلق بارڈر فورس جب کہ 2 کا پاسداران انقلاب کے انٹیلی جنس ونگ سے ہے۔

جیش العدل نامی تنظیم نے واقعے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔ اپنے صوتی پیغام میں خود کوجیش العدل کا ترجمان بتانے والے ابراہیم عزیزی نامی شخص نے کہا کہ ان کی تنظیم نے سرحدی چوکی پرحملہ کرکے 10 اہلکاروں کو یرغمال بنالیا ہے جب کہ وہاں سے ملنے والے اسلحے اوردیگر سامان کو اپنے قبضے میں لے لیا ہے۔

ایران کے سرکاری میڈیا نے بھی واقعے کی تصدیق کردی ہے۔ ایرانی میڈیا نے کہا ہے کہ 14 ایرانی سرحدی محافظوں کو منگل کے روزمقامی وقت کے مطابق علی الصبح چار سے پانچ بجے کے درمیان  صوبہ سیستان و بلوچستان کے سرحدی علاقے میرجاوہ سے  اغوا کیا گیا۔

ایرانی پاسداران انقلاب فورس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان دونوں ممالک کی مشترکہ سرحد پر موجود بعض علاقائی ممالک کے حمایت یافتہ شرپسند اور دہشتگرد عناصر کے خلاف کارروائی کرے۔